پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے قومی خواتین ٹیم پر مسلسل تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ایک شکست کی بنیاد پر پوری ٹیم کی صلاحیتوں پر سوال اٹھانا مناسب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو تنقید کے بجائے حوصلہ افزائی اور اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ اپنی خامیوں پر قابو پا کر بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔
ثناء میر نے کہا کہ اگر مردوں کی ٹیم ورلڈ کپ ہار سکتی ہے اور اس کی کارکردگی میں بھی اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے، تو پھر خواتین ٹیم کو صرف شکست کی بنیاد پر نشانہ بنانا انصاف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج تک کسی خاتون کرکٹر نے کسی مرد کرکٹر کے بارے میں یہ نہیں کہا کہ وہ “تندور پر روٹیاں لگانے کے زیادہ قابل ہے”، مگر خواتین کھلاڑیوں کو مسلسل ایسے توہین آمیز جملوں اور صنفی تعصب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا
ثناء میر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر خواتین کرکٹرز کی مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی ویڈیوز بنا کر جھوٹا پروپیگنڈا کرتے ہیں، جو نہ صرف کھلاڑیوں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ خواتین کے کھیل کو بھی متاثر کرتا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ موجودہ سوچ اور ذہنیت ہے، اور جب تک خواتین کھلاڑیوں کے حوالے سے یہ مائنڈ سیٹ تبدیل نہیں ہو گا، تب تک کھیلوں میں حقیقی ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم محدود وسائل کے باوجود مسلسل بہتری کی کوشش کر رہی ہے اور کھلاڑی ملک کا نام روشن کرنے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہیں۔
انہوں نے شائقین اور ناقدین سے اپیل کی کہ ٹیم کو غیر ضروری تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے اس کا ساتھ دیں، کیونکہ مثبت رویہ ہی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ کرتا ہے اور مستقبل میں بہتر نتائج کی راہ ہموار کرتا ہے
