نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے اور اس سے باہر پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، ایرانی وزیر خارجہ نے امن عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق عباس عراقچی نے ایرانی عملے کے ارکان اور ماہی گیروں کی محفوظ اور سہولت کے ساتھ اپنے وطن واپسی میں پاکستان کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا، دونوں رہنمائوں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
گزشتہ روز اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان اب تک 70 سے زائد ایرانی شہریوں کی پاکستانی سرزمین کے ذریعے وطن واپسی میں مدد کر چکا ہے۔
وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی پس پردہ سفارت کاری سے امریکا ایران معاہدہ ممکن ہوا، اسحاق ڈار
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی تحویل سے رہا ہونے والے 22 ایرانی شہری کراچی قونصلیٹ پہنچ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان 22 ایرانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے پاکستان اور ایران کے سفارتی مشنز کے تعاون سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ایرانی شہریوں کی واپسی کے عمل کے دوران پاکستانی حکام امریکی اور ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں رہے۔ گزشتہ 2 ماہ کے دوران ایرانی شہریوں کے انخلا کا یہ چوتھا گروپ ہے، جس کی وطن واپسی میں پاکستان نے سہولت فراہم کی ہے۔
ان کا کہنا تھ کہ وہ ایرانی قیادت کے پاکستان پر اعتماد کرنے پر شکر گزار ہیں۔ وزارت خارجہ اور پاکستانی اداروں نے ایرانی بھائیوں کی محفوظ وطن واپسی کے لیے پیشہ ورانہ اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
