دنیا بھر کے مصروف ہوائی اڈوں کے درمیان مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے والے ایئرپورٹس کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کردی گئی ہے، جس میں پاناما کے ٹوکومین انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
پروازوں کے تاخیر اور منسوخی سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے ادارے ’’ایئر ہیلپ‘‘ کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاناما کا ٹوکومین انٹرنیشنل ایئرپورٹ (PTY) وقت کی پابندی، مسافروں کے مجموعی تجربے اور ٹرمینل سہولیات کے اعتبار سے دنیا کا بہترین ایئرپورٹ قرار پایا ہے۔
دبئی ائیرپورٹ پر زندہ چھپکلیاں، بچھو، سانپ اور مینڈک برآمد
پاناما سٹی کے مشرق میں واقع اس ہوائی اڈے سے سفر کرنے والے مسافر پاناما بے اور سرسبز جنگلات کے دلکش مناظر سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق سال 2025 کے دوران 2 کروڑ 9 لاکھ سے زائد مسافروں نے اس ایئرپورٹ سے سفر کیا، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ یہاں خریداری، کھانے پینے اور پریمیم لاؤنجز سمیت متعدد جدید سہولیات بھی دستیاب ہیں۔
رپورٹ کے مطابق برازیل کے شہر فورٹالیزا کا پنٹو مارٹنز انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ جنوبی افریقا کا کیپ ٹاؤن انٹرنیشنل ایئرپورٹ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ کیپ ٹاؤن ایئرپورٹ گزشتہ سال پہلی پوزیشن پر موجود تھا۔
امریکا کے حوالے سے اوریگون کا پورٹ لینڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سب سے بہتر قرار دیا گیا، جس نے مجموعی درجہ بندی میں 18ویں نمبر پر جگہ بنائی۔ اس ایئرپورٹ کی بروقت پروازوں اور مسافروں کے مثبت تجربات نے اسے نمایاں مقام دلایا۔ حال ہی میں یہاں لکڑی سے تیار کردہ جدید طرز کا نیا ٹرمینل بھی کھولا گیا ہے۔
اسلام آباد ائیر پورٹ پر پروازوں کیلئے نیا نوٹم جاری
امریکی ریاست یوٹاہ کا سالٹ لیک سٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ 28ویں جبکہ لاس ویگاس کا ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ 49ویں نمبر پر رہا۔
دوسری جانب قطر کا معروف حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جو گزشتہ سال دوسری پوزیشن پر تھا، اس سال نمایاں تنزلی کے بعد 79ویں نمبر پر چلا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس کی درجہ بندی میں کمی کی بڑی وجہ وقت کی پابندی اور سہولیات کے اسکور میں کمی رہی۔
اسلام آباد ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن اچانک رکنےبعد بحال
ایئر ہیلپ نے اپنی درجہ بندی تیار کرنے کے لیے 68 سے زائد ممالک کے مسافروں کی آراء، وقت کی پابندی کے اعدادوشمار، صفائی، عملے کے رویے، انتظار کے اوقات، خوراک، خریداری، نشستوں اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
