مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کو لگنے والے بریک کے بعد ایک بار پھر بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں فی تولہ سونا 4 ہزار 643 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 42 ہزار 636 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونا 4 ہزار 179 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 345 روپے کا ہو گیا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے دوران سونے کی قیمتوں میں آنے والی یہ تیزی مقامی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اچانک اضافہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں اور مقامی سطح پر روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث دیکھا جا رہا ہے۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمت
ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.7 فیصد اضافے کے ساتھ 4,189.69 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ اس سے قبل جمعہ کو یہ 11 جون کے بعد کم ترین سطح پر آ گئی تھی۔ دوسری جانب امریکی گولڈ فیوچرز میں 0.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 4,207.70 ڈالر پر آ گئے۔
سوئٹزرلینڈ میں امریکا اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوا، جس میں ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ ثالثی کرنے والے ممالک قطر اور پاکستان کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے 60 دن کے اندر حتمی معاہدے کے لیے روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔
تجزیہ کار ایڈورڈ میر کا کہنا ہے کہ صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور فی الحال منڈی جغرافیائی سیاسی عوامل کے زیر اثر رہے گی، اس لیے سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے سخت مالیاتی پالیسی کے اشاروں نے سونے کی قیمت پر دباؤ برقرار رکھا ہے۔ فیڈ چیئرمین کیون وارش کی جانب سے مہنگائی پر زور دینے کے بعد سرمایہ کاروں کو شرح سود میں اضافے کی توقع بڑھ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق فیڈ کے 19 میں سے 9 پالیسی ساز اس سال شرح سود بڑھانے کے حق میں ہیں، جبکہ دسمبر میں شرح سود میں اضافے کے امکانات 89 فیصد تک پہنچ گئے ہیں۔
شرح سود میں اضافے کی صورت میں سونا عموماً کم پرکشش ہو جاتا ہے کیونکہ اس پر منافع نہیں ملتا۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 2 فیصد اضافے کے ساتھ 66.18 ڈالر فی اونس ہو گئی، جبکہ پلاٹینم 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 1,670.74 ڈالر اور پیلیڈیم 1 فیصد بڑھ کر 1,270.41 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔
