نئی دہلی: بالی ووڈ انڈسٹری کے مشہور اداکار پنکج ترپاٹھی کے بڑے بھائی وجیندر ناتھ تیواری اپنے آبائی گاؤں میں مبینہ جان لیوا حملے میں زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج میں زمین کے تنازع کے باعث پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق وجیندر ناتھ تیواری پر لاٹھیوں اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد انہیں فوری طور پر گوپال گنج ماڈل اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم بعد ازاں مزید علاج کے لیے پٹنہ کے ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ گوپال گنج کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان کی جانب سے تاحال باضابطہ تحریری شکایت درج نہیں کرائی گئی۔ تاہم شکایت موصول ہوتے ہی مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: معروف امریکی اداکار جیانکارلو ایسپوسیتو نے اسلام قبول کر لیا
واقعے کے بعد مقامی علاقے اور اداکار کے مداحوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
