اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں دو روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے 9 اور 10 محرم الحرام کی چھٹیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 25 جون کو 9 محرم جبکہ 26 جون کو یوم عاشور (10 محرم) کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر اور ادارے بند رہیں گے۔ تعطیلات کا اطلاق وفاقی حکومت کے زیر انتظام دفاتر اور اداروں پر ہو گا۔
تعطیلات کے باعث سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور متعدد نیم سرکاری اداروں میں معمول کی سرگرمیاں بند رہیں گی۔ تاہم ضروری خدمات، اسپتالوں، ریسکیو اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ہنگامی سروسز کے اہلکار معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ متعلقہ اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سرکاری ملازمین کو محرم الحرام کی تعطیلات اور معمول کی ہفتہ وار چھٹیوں کو ملا کر مجموعی طور پر 4 چھٹیاں میسر آئیں گی۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے اور سیکیورٹی کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
پنجاب بھر میں 26 جون تک دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ماتمی جلوسوں کے راستوں پر موجود مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی ہو گی۔
سندھ حکومت نے بھی یوم عاشور کے موقع پر 9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
