سندھ حکومت نے یومِ عاشور کے موقع پر 9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق 25 اور 26 جون (جمعرات اور جمعہ) کو صوبے بھر میں سرکاری تعطیلات ہوں گی، اس دوران تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی کونسلز، خودمختار ادارے اور دیگر سرکاری دفاتر بھی دو روز تک بند رہیں گے۔
واضح رہے محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
بلوچستان میں 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ ، کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی
پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتِ حال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی کے پیشِ نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پنجاب بھر میں 26 جون تک دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ماتمی جلوسوں کے راستوں پر موجود مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی ہو گی۔
