راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید دلکش بنا دیا۔
بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور کئی روز سے جاری حبس اور گرمی سے شہریوں کو ریلیف ملا تاہم بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں اور گردونواح میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور گرج چمک کا امکان موجود ہے، جس سے موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔
نواب شاہ میں طوفانی بارش ، درجنوں مکانات منہدم ، 6 افراد جاں بحق ، 50 زخمی
محکمہ موسمیات کےمطابق راولپنڈی اسلام آباد میں مجموعی طور پر 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ بارش شمس آباد میں 39 ملی میٹر،ایچ 8 میں 32، گوالمنڈی 28 اور کٹاریاں میں 26 ملی میٹر بارش ہوئی۔
جڑواں شہروں میں بارش کے پیشِ نظر واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان کے مطابق لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈرپاس، مری روڈ، صادق آباد اور دیگر نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا عمل جاری ہے جبکہ نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ تاحال معمول کے مطابق ہے۔
ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی سامنے آ گئی
ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ ایم ڈی واسا کی ہدایت پر فیلڈ افسران نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جا سکے۔
واسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نالوں اور گٹروں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور ڈھکن کھلے رکھنے سے اجتناب کریں تاکہ نکاسی آب کے نظام میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ ایم ڈی واسا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔
علاوہ ازیں ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم نے کہا کہ جڑواں شہروں میں بارش کا موجودہ سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی۔
انجم نذیر کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی موسم کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
موسم شدید گرم رہے گا ، بعض مقامات پر بارش کا امکان
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم نسبتاً خوشگوار رہے گا جبکہ بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محکمہ موسمیات کی ہدایات پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
