’گھر کی مرغی اب سستی نہیں رہی بلکہ سونے سے بھی مہنگی ہو گئی، دنیا کی نایاب نسل کی ایک مرغی کی قیمت 17 لاکھ روپے تک جا پہنچی جبکہ اس کا ایک انڈا بھی ہزاروں روپے میں فروخت ہونے لگا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کی نایاب نسل “ایام سیمانی” دنیا کی مہنگی ترین مرغیوں میں شمار کی جاتی ہے اس منفرد نسل کی خاص بات اس کا مکمل کالا رنگ ہے جس میں پروں، چونچ، گوشت حتیٰ کہ ہڈیاں بھی سیاہ دکھائی دیتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس نسل کو خوش قسمتی اور طاقت کی علامت سمجھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں شوقین افراد اسے بھاری قیمت میں خریدنے کو تیار رہتے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خالص نسل کی ایک مرغی کی قیمت پاکستانی روپے میں تقریباً 17 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے جب کہ اس کا ایک انڈا بھی ہزاروں روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نسل کی افزائش انتہائی محدود ہے اسی لیے اس کی قیمت عام مرغیوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی اس نایاب سیاہ مرغی کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جہاں صارفین اسے “گولڈن چکن” قرار دے رہے ہیں۔
