وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی ملاقات میں پاک ایران تعلقات اور علاقائی امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رواں ماہ تہران کے اپنے دورے کا ذکر کرتے ہوئے، جہاں انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی تھی، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام دیا۔
#Iran’s Interior Minister Eskandar Momeni met #Pakistan’s Prime Minister Shehbaz Sharif in Islamabad, reaffirming commitment to stronger bilateral cooperation and regional peace amid growing regional tensions. pic.twitter.com/Gr2yAwtqY3
— IranPress (@IranPress_eng) July 21, 2026
وزیراعظم نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اسلام آباد میں اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان آئے ہیں۔
اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خطے میں امن کے لیے ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کوششوں کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔
مذاکرات مثبت رہے لیکن امریکا نے معاہدہ توڑا، ایرانی صدر
انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے وزیراعظم کے تہران کے دورے کو بھی دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیتے ہوئے اس پر اظہار تشکر کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی شریک تھے۔
