راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال، دوطرفہ سیکیورٹی تعاون اور مؤثر بارڈر مینجمنٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران ایرانی وزیر داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن کے قیام میں پاکستان کے ناگزیر کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کو خطے میں امن و استحکام کا ایک اہم ستون قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی، سرحدی تعاون اور باہمی مفاد کے دیگر امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ایران باہمی خوشحالی، مؤثر سیکیورٹی تعاون اور خطے میں پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنے تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
اس سے قبل ایرانی وزیر داخلہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں ماہ تہران کے اپنے دورے کا ذکر کرتے ہوئے، جہاں انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی تھی، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام دیا۔
شہباز شریف نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا سبب بن سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: روایتی فائل نظام ختم، جدید نظام پر تمام وزارتیں عملدرآمد یقینی بنائیں، وزیراعظم
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
