ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت (gold price)میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روزعالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی دیکھنے میں آئے۔
عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا اور ڈالر سستا ہو گیا
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 1000 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 92 ہزار 362 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 858 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 22 ہزار 121 روپے ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی اور بین الاقوامی معاشی صورتحال کے باعث مقامی مارکیٹ بھی متاثر ہو رہی ہے۔ سرمایہ کار غیر یقینی معاشی حالات میں سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہیں، جس کے باعث طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب صرافہ بازار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ سونے کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے عام خریدار کی قوت خرید کو متاثر کیا ہے۔ شادی بیاہ کے سیزن کے باوجود خریداری میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ کئی شہری صرف پرانے زیورات کی تبدیلی تک محدود ہو گئے ہیں۔
سونا خریدنے والوں کیلئے بری خبر ، قیمت میں بڑا اضافہ
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر بھی مزید مہنگائی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی مالیاتی دباؤ اور کرنسی مارکیٹ کی صورتحال سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سونے کی قیمت میں مسلسل ردوبدل دیکھا جا رہا ہے، جس سے سرمایہ کار اور خریدار دونوں محتاط دکھائی دے رہے ہیں۔
