اوٹاوا: کینیڈا کے آسمان پر نمودار ہونے والی روشی نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر دیا۔ آسمان پر نمودار ہونے والی روشنی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے رہائشی اس وقت حیران رہ گئے جب رات کے وقت آسمان پر ایک عجیب و غریب روشن منظر نمودار ہوا۔ جس نے سوشل میڈیا پر خوف اور تجسس کی لہر دوڑا دی۔
شہریوں کے مطابق آہستہ آہستہ حرکت کرتی پراسرار روشنی سیکڑوں کلومیٹر دور تک دیکھی گئی اور بکھرتی ہوئی محسوس ہو رہی تھی۔ جس کے بعد بعض افراد نے اسے یو ایف او اور خلائی مخلوق سے بھی جوڑ دیا۔
تاہم ماہرین فلکیات نے جلد ہی اس معمہ کو حل کرتے ہوئے بتایا کہ یہ منظر اسپیس ایکس کے فیلکن 9 راکٹ لانچ کے بعد بننے والا “جیلی فش ایفیکٹ” تھا۔
ماہرین کے مطابق راکٹ کے دوسرے مرحلے سے خارج ہونے والا دھواں بلند فضا میں پھیل گیا۔ جس پر سورج کی روشنی پڑنے سے مخروطی روشن شکل بن گئی۔ جو شہریوں کے لیے حیرت کا باعث بنی۔
ماہرین فلکیات نے کہا کہ جدید خلائی سرگرمیوں کے باعث ایسے مناظر اب نسبتاً عام ہوتے جا رہے ہیں۔ تاہم عوام کے لیے یہ اب بھی تجسس اور دلچسپی کا سبب بنتے ہیں۔
