ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے کی نئی تجاویز سامنے آ گئیں۔
ایران کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے رائٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی نئی تجاویز ایک ممکنہ معاہدے کی جانب اہم پیشرفت تھیں۔
عہدیدار کے مطابق ایران نے تجویز دی تھی کہ پہلے مرحلے میں جنگ کا خاتمہ کیا جائے جبکہ اس کے ساتھ یہ ضمانت بھی دی جائے کہ اسرائیل اور امریکا آئندہ دوبارہ حملہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے بدلے ایران آبنائے ہرمز کو کھولنے پر آمادہ ہوگا، جبکہ یہ بھی تجویز دی گئی تھی کہ ایران پر عائد امریکی پابندیاں اور ممکنہ ناکہ بندی ختم کی جائے۔
عہدیدار کے مطابق جوہری پروگرام سے متعلق پیچیدہ مذاکرات کو اگلے مرحلے میں لے جانے کی تجویز بھی شامل تھی تاہم کسی بھی معاہدے میں ایران کے پرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودگی کے حق کو تسلیم کرنا ضروری قرار دیا گیا۔
ہم ایران کے معاملے کو جلدی ختم نہیں کریں گے تاکہ مسئلہ دوبارہ پیدا نہ ہو، ٹرمپ
دوسری جانب وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ دوبارہ امن مذاکرات شروع کرنے کے لیے اپنی شرائط میں نرمی کا اشارہ دیا ہے،ایران کی جانب سے نئی تجویز میں آبنائے ہرمز کو کھولنے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔
وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین مذاکرات کی بحالی کے لیے کوشش کر رہے ہیں لیکن اہم معاملات پر ابھی بھی شدید اختلافات موجود ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہو سکتا ہے لیکن اس میں پیش رفت مشکل اور طویل ہو سکتی ہے۔
