پنجاب حکومت نے 16 سے 18 سال کے نوجوانوں کے لیے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ متعارف کرا دیا۔
حکومت پنجاب نے 16 سے 18 سال عمر کے نوجوانوں کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت اہل نوجوان موٹر سائیکل اور اسکوٹی چلانے کے مجاز ہوں گے۔
پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ ہولڈرز کو 125 سی سی تک موٹر سائیکل یا اسکوٹی چلانے کی اجازت دی جائے گی۔ اس پرمٹ کی سالانہ فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ پرمٹ کے حصول کے لیے امیدوار کے پاس اسمارٹ قومی شناختی کارڈ یا ب فارم ہونا لازمی ہوگا، جبکہ والدین یا سرپرست کی تحریری اجازت کے بغیر جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق درخواست گزاروں کو پہلے کمپیوٹرائزڈ سائن ٹیسٹ اور اس کے بعد روڈ ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔ دونوں مراحل کامیابی سے مکمل کرنے والے نوجوانوں کو موقع پر ہی ڈرائیونگ پرمٹ جاری کر دیا جائے گا۔
پنجاب ٹریفک پولیس نے بتایا کہ صوبے بھر میں جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کا عمل رواں ہفتے سے شروع کر دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں میں ٹریفک قوانین سے آگاہی پیدا کرنا اور کم عمر ڈرائیوروں کو باقاعدہ قانونی دائرے میں لانا ہے۔
آگ بجھانے والے آلات کے بغیر چلنے والی مسافر اور مال بردار گاڑیاں موٹر وے میں داخل نہیں ہو سکیں گی
واضح رہے کہ یہ نوجوانوں اور ان کے والدین کا دیرینہ مطالبہ تھا جو اب پورا ہو گیا ہے، اس سے قبل نوجوان بغیر کسی پرمٹ کے موٹر سائیکل روڈز پر لے آتے تھے جن چالان کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
