نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ آگ بجھانے والے آلات کے بغیر چلنے والی مسافر اور مال بردار گاڑیاں موٹر وے میں داخل نہیں ہو سکیں گی۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات رکھنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثات کے دوران آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر خصوصی حفاظتی اقدامات نافذ کئے جا رہے ہیں تاکہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
موٹروے پولیس نے ملک گیرفائرسیفٹی آگاہی مہم شروع کر دی ہے جو 24 جون 2026 تک جاری رہے گی، اس مہم کے دوران پولیس اہلکار ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو آگ بجھانے والے آلات کی اہمیت، استعمال اور ان کی فعالیت کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑیوں میں فعال اور معیاری فائر ایکسٹنگوئشر کی موجودگی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے، ڈرائیور حضرات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سفر سے قبل اپنے آگ بجھانے والے آلات کی فعالیت اور میعاد ضرور چیک کریں۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا کہ غیر فعال یا زائد المعیاد آلات قابل قبول نہیں ہوں گے، موٹروے پولیس کے مطابق 24 جون کے بعد ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا ۔
آگ بجھانے والے آلات کے بغیر چلنے والی مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا کہ 24 جون کے بعد فائر ایکسٹنگوئشر کے بغیر مسافر اور مال بردار گاڑیوں کا موٹر ویز میں داخلہ ممنوع ہو گا۔
امریکا ایران معاہدہ ، روسی حکومت اور میڈیا نے پاکستان کو عالمی امن کا ضامن قرار دے دیا
ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
