لندن: انگلینڈ نے بھارت کو پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں 118 رنز سے شکست دے کر سیریز 4-1 سے اپنے نام کرلی ۔
464 رنز کے ٹارگٹ کے جواب میں آخری روز انڈیا نے 58/3 سے کھیل کا آغاز کیا تو کے ایل راہول اور اجنکیا رہانے انگلش بالرز کے سامنے ڈٹ گئے۔
بھارت کی ابتدائی تین وکٹیں صرف دو رنز پر گر گئی تھیں، ایسے میں رہانے اور راہول نے چوتھی وکٹ کے لیے 118 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ یہ شراکت اس وقت ٹوٹی جب رہانے 37 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر جیننگز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔
پچھلی اننگ میں نصف سینچری اسکور کرنے والے ڈیبیو بلے باز وہاڑی بھی بنا کسی رنز بنائے آوٹ ہوگئے تو بھارت کا اسکور 121/5 تھا اور اسے اب بھی 343 رنز کا پہاڑ سر کرنا تھا۔
ایسے میں ایک اینڈ راہول نے سنھال رکھا تھا، دوسرے اینڈ سے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنٹ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 114 رنز اسکور کیے اور راہول کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 204 رنز کی شاندار شراکت قائم کی تو بھارت کوایک ناممکن فتح ممکن نظر آنے لگی۔
325 کے مجموعی اسکور پر عادل راشد، جو پوری سیریز میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے، نے 149 رنز پر کھڑے کے ایل راہول کو کلین بولڈ کردیا۔ یہی وہ لمحہ تھا جب ہاتھ سے نکلتا ہوا میچ انگلینڈ کی گرفت میں آگیا۔
مجموعے میں صرف تین رنز کے اضافےکے بعد رشبھ پنٹ بھی راشد کا شکار بن گئے اور یوں انگلینڈ پوری طرح میچ میں واپس آگیا۔ اب انہیں صرف تین وکٹیں درکار تھیں۔ اسکور میں مزید 17 رنز کے اضافے کے بعد آخری تین کھلاڑی بھی پویلین لوٹ گئے اور انگلینڈ نے سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ بھی اپنے نام کرلیا۔
جیمز اینڈرسن نے چوتھی اننگ میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سیم کرن اور عادل راشد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پہلے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ نے 332 رنز بنائے تھے اور بھارت کو 292 رنز پر آوٹ کردیا تھا۔ میچ کی تیسری اننگز میں 40 رنز کی لیڈ کے ساتھ بیٹنگ شروع کی تو اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے سابق کپتان الیسٹر کک نے زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 147 رنز کی یادگار اننگ کھیلی۔ ان کی اور کپتان جو روٹ کی سینچریوں کی مدد سے انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگ 423/8 پر ڈکلیئر کردی اور بھارت کے لیے 464 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف اسکور بورڈ پر سجا دیا۔
الوداعی میچ کھیلنے والے سابق انگلش کپتان الیسٹر کک کو میچ کا بہترین کھلاڑی جب کہ سیریز میں 500 سے زائد رنز بنانے والے بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور انگلینڈ کے نوجوان آل راونڈر سیم کرن کو مشترکہ طور پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔