بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سلو اوور ریٹ کی پاداش میں قومی ٹیم پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔
آئی سی سی کے میچ ریفری نے مقررہ وقت میں اوورز کی تعداد کم ہونے پر پاکستانی کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی ٹیم نے مقررہ وقت کے دوران 8 اوورز کم کیے تھے جس کی سزا کے طور پر نہ صرف مالی جرمانہ عائد کیا گیا بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے پوائنٹس ٹیبل پر بھی پاکستان کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
قومی ٹیم کے حصے سے 8 اہم پوائنٹس کاٹ لیے گئے ہیں جو فائنل کی دوڑ میں پاکستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
Years of hard work. Countless spells. One mindset. Taijul Islam shares his journey through the grind of Test cricket. pic.twitter.com/YjruSqGTSf
— Bangladesh Cricket (@BCBtigers) May 13, 2026
واضح رہے کہ میرپور میں کھیلے گئے اس پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے عبرتناک شکست دی تھی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جب پہلی وکٹ صرف 3 رنز پر گر گئی، جس کے بعد اذان اویس 15 اور کپتان شان مسعود صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ فضل نے 66 اور سلمان آغا نے 26 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن سعود شکیل 15، حسان خان 12، اور حسن علی محض ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 413 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا جبکہ دوسری اننگز 240 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 386 رنز بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں کپتان نجم الحسن شنتو 87 اور مومن الحق 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور نعمان علی نے تین تین جبکہ شاہین آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
