آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوسرے روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا مقصد پاکستان کے معدنی ذخائر اور غیر دریافت شدہ وسائل کو اجاگر کرکے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ فورم میں معدنیات کی تلاش، منصوبوں کی مالی معاونت، کان کنی کے بنیادی ڈھانچے، عالمی شراکت داری اور اس شعبے کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
فورم کے دوسرے روز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطاب میں کہا کہ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اس سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے اپنے خطاب میں پاکستان کی معدنی دولت کو کار آمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں ہے بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو تیار کرنا ہے۔
ہمارا مقصد پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کیلئے ایک مسابقتی منزل بنانا ہے، فیلڈمارشل
#humnews https://t.co/oruGB994nD— HUM News (@humnewspakistan) November 13, 2026
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچانا لازم ہے۔ معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگی میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پُرعزم ہیں جن میں خوابوں کو تعبیر میں بدلنے کی صلاحیت موجود ہے۔
ان کے بقول ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ نتائج کے حصول کے لیے ہمارے لوگ طاقت اور عزم کا سر چشمہ ہیں۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔



