پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان کے قریب بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم ایس ای اے-ایم ای-ڈبلیو ای-5 (SMW5) میں خرابی رپورٹ ہوئی ہے، جس کے باعث ملک بھر میں بعض انٹرنیٹ صارفین کو وقفے وقفے سے کنیکٹیوٹی مسائل اور سروس کے معیار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستان میں بین الاقوامی سب میرین کیبلز میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔ رواں سال 2 جولائی کو بھی ایس ای اے-ایم ای-ڈبلیو ای-5 (SMW5) کیبل میں تکنیکی خرابی رپورٹ ہوئی تھی، جس کے باعث ملک میں بعض صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور کنیکٹیوٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بدھ کو جاری کردہ پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق سب میرین کیبل میں خرابی پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور پیش آئی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (TWA) خرابی کی نوعیت اور وجوہات معلوم کرنے کے لیے ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم سے رابطے میں ہے، جبکہ کیبل کی مرمت اور انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی کے متوقع وقت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق صارفین کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے متبادل بین الاقوامی کیبل لنکس کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک منتقل کی جا رہی ہے تاکہ موجودہ خرابی کے اثرات کم سے کم رکھے جا سکیں۔
(Cont’d): PTA is in close coordination with the concerned stakeholders and will continue to monitor the situation to facilitate the earliest possible restoration of normal internet services across the country.
#SMW5 #SubmarineCableFault #InternetDisruption #InternetUpdate #PakistanInternet #ConnectivityUpdate #InternetServices #DigitalPakistan #PTA #TransworldAssociates #TelecomUpdate #NetworkRestoration #StayConnected #InternetConnectivity
— PTA (@PTAofficialpk) November 18, 2026
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کی جلد اور معمول کے مطابق بحالی کے لیے متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور صورتحال کی نگرانی بھی جاری ہے۔
انٹرنیٹ صارفین پر ممکنہ اثرات
سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث بعض صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی، ویب سائٹس اور آن لائن ایپلی کیشنز تک رسائی میں تاخیر، ویڈیو اسٹریمنگ اور آن لائن رابطوں میں تعطل جیسے مسائل پیش آ سکتے ہیں۔
تاہم متبادل بین الاقوامی لنکس کے ذریعے ٹریفک منتقل کیے جانے کے باعث تمام صارفین کے متاثر ہونے کا امکان نہیں، سروس پر اثرات کا انحصار متعلقہ انٹرنیٹ آپریٹر اور دستیاب متبادل بینڈوڈتھ پر ہوگا۔
پاکستان کا عالمی انٹرنیٹ نیٹ ورک بڑی حد تک سمندر کے اندر بچھائی گئی فائبر آپٹک کیبلز کے ذریعے دنیا کے دیگر ممالک سے منسلک ہے، یہی کیبلز بین الاقوامی ڈیٹا، ویڈیو کالز، سوشل میڈیا، آن لائن بینکنگ، کاروباری رابطوں اور کلاؤڈ سروسز کی ترسیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
کسی ایک اہم کیبل میں خرابی کی صورت میں انٹرنیٹ ٹریفک دوسری کیبلز پر منتقل کرنا پڑتی ہے، جس سے دستیاب گنجائش کم ہونے کے باعث بعض صارفین کو سست رفتار اور کنیکٹیوٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔



