انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2035 تک مینز کرکٹ کے بڑے عالمی ایونٹس کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ منظور شدہ شیڈول کا آغاز 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورکٹ کپ سے ہوگا۔
اتوار کو آئی سی سی کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے اجلاس کے بعد آئی سی سی بورڈ نے مینز کرکٹ کے بڑے ایونٹس کے شیڈول کی منظوری دی۔
ان بڑے ایونٹس میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل شامل ہیں۔
منظور شدہ شیڈول کا آغاز 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے ہو گا جب کہ اس کا اختتام 2035 میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ پر ہو گا۔
A long-term calendar takes shape as the ICC announces major men’s tournament windows through 2035.
More ➡️ https://t.co/MQ3C04Rp1t https://t.co/ZwsOK1eDqt
— ICC (@ICC) November 15, 2026
آئی سی سی کے مطابق آئندہ سال یعنی 2027 میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 9 سے 13 جون تک دی اوول، انگلینڈ میں ہوگا جب کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 7 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی کے مطابق 2027 کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔
آئی سی سی کے منظور شدہ شیڈول کے مطابق 2028 مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 2029 میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل 8 سے 12 جون تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق 2029 میں ہی آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 9 سے 28 اکتوبر تک بھارت میں ہوگا جب کہ 2030 کے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ مشترکہ طور پر کریں گے۔ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 4 جولائی سے 4 اگست تک کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق 2031 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 12 سے 16 جون تک انگلینڈ میں ہوگا۔ اس کے علاوہ 2031 کا کرکٹ ورلڈ کپ 9 اکتوبر سے 23 نومبر تک بھارت اور بنگلہ دیش میں منعقد ہوگا۔
انٹرنینشل کرکٹ کونسل نے 2032 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 14 اکتوبر سے 14 نومبر، 2033 کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لیے 9 سے 13 جون جب کہ 2033 کی ہی مینز چیمپئنز ٹرافی کے لیے 2 سے 23 اکتوبر کا شیڈول رکھا گیا ہے۔ تاہم ان ایونٹس کے مقامات کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 2034 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 6 جولائی سے 6 اگست جب کہ 2035 کا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل 7 سے 11 جون اور مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2 اکتوبر سے 18 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی نے ان تینوں ایونٹس کے ممالک کے ناموں کا بھی اعلان نہیں کیا ہے۔



