وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے خاتون اور 4 بچے شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں غزہ میں بڑے پیمانے پر مکانات اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہونے کے باعث لاکھوں فلسطینی تاحال عارضی خیموں اور پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ شدید تباہی کے باعث بے گھر افراد کو رہائش، خوراک، پینے کے صاف پانی اور بنیادی طبی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی میں غزہ کی تعمیر نو کا منصوبہ بھی شامل تھا تاہم تعمیراتی سامان اور پناہ گاہوں کیلیے ضروری اشیاء کی فراہمی پر اسرائیلی پابندیاں بدستور برقرار ہیں۔ سرد موسم، شدید بارشوں اور تیز ہواؤں نے پہلے سے مشکلات کا شکار بے گھر فلسطینیوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود باسل نے ترک خبر رساں ادارے انادولو کو بتایا کہ طوفان کے باعث مٹی کا تودہ خیموں پر آ گرا، جس کے نتیجے میں وہاں پناہ لینے والے افراد ملبے تلے دب گئے۔
سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق ملبے تلے دب جانے والے افراد کو نکالنے کیلیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تاہم بجلی کی بندش اور ضروری امدادی سازوسامان کی عدم دستیابی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
غزہ میں جمعے کی شام سے شدید بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومتی میڈیا آفس کے مطابق شدد بارشوں کے باعث 70 ہزار سے زائد خیمے زیر آب آ گئے ہیں جبکہ درجنوں دیواریں بھی گر گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور املاک کو نقصان پہنچا۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں تقریباً 80 فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر ہو چکی ہیں۔ غزہ کے 19 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں سے کئی تو متعدد بار نقل مکانی پر مجبور ہوئے جبکہ 12 لاکھ افراد اس وقت خیموں یا عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں انسانی صورتحال بدستور سنگین ہے۔ اسرائیلی فضائی حملے اور دیگر کارروائیاں تاحال گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جس سے جانی و مالی نقصان کے ساتھ ساتھ مزید نقل مکانی بھی جاری ہے۔


