آبنائے ہرمز میں اماراتی آئل کمپنی کے بحری جہاز پر حملے کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن لاپتا اور 11 زخمی ہو گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سرکاری تیل کمپنی ای ڈی این او سی کی ذیلی کمپنی اے ڈی این او سی ایل اینڈ ایس نے آبنائے ہرمز میں اس کے بحری جہاز پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے مین عملے کا ایک رکن لاپتا اور 11 زخمی ہو گئے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث اس اہم سمندری راستے سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بحری آمدورفت میں تعطل کے باعث عالمی توانائی کی منڈیوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جبکہ تیل اور گیس کی بلا تعطل ترسیل بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
اماراتی کمپنی کے مطابق لاپتا اہلکار کی تلاش کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ جہاز کے دیگر تمام عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
عمان کے حکام برائے ہنگامی امداد نے بتایا کہ پاناما کے پرچم بردار ایل پی جی ٹینکر ’تارا گیس‘ کے عملے کے 24 ارکان کو ریسکیو کر لیا گیا ہے، جبکہ ایک لاپتا شخص کی تلاش جاری ہے۔ ٹینکر میں لگنے والی آگ بجھانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
سمندری سلامتی کے ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ منگل کو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے ایک پروجیکٹائل کی زد میں آنے کے بعد تارا گیس کے عملے نے جہاز چھوڑ دیا تھا۔
دستیاب ڈیٹا بیس کے مطابق تارا گیس ٹینکر مارشل آئی لینڈز میں قائم کمپنی گلوبل گیس کی ملکیت ہے، جبکہ اس کا انتظام متحدہ عرب امارات میں قائم میٹرکس میری ٹائم سلوشنز ایف زیڈ ای کے پاس ہے۔
ایران کے پاسداران انقلاب اور بحریہ نے منگل کو دعویٰ کیا تھا کہ اس آبی گزرگاہ میں ایل این جی لے جانے والا ایک جہاز اور تیل بردار 2 ٹینکرز آگ کی زد میں آ گئے ہیں۔ تاہم رائٹرز ان اطلاعات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔
برطانوی بحریہ سے منسلک ادارے یو کے ایم ٹی او نے بھی منگل کو بتایا تھا کہ آبنائے ہرمز میں ایک ٹینکر پر دوسرے حملے کے بعد اس کے عملے کا سراغ نہیں مل رہا۔ جہاز کو پہلے حملے میں ناکارہ بنایا گیا تھا، جبکہ دوسرے حملے کے نتیجے میں اس میں آگ لگ گئی۔ یو کے ایم ٹی او نے جہاز سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
خیال رہے جنگ کے باعث خلیجی ممالک کی توانائی کی برآمدات کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں، امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے سے قبل دنیا کی مجموعی تیل اور گیس کی سپلائی کا تقریباً پانچواں حصہ آبنائے ہرمز سے گزرتا تھا۔



