پاکستان کی جانب سے مئی 2025 میں بھارتی رافیل طیارے گرائے جانے کے اعلان کے بعد اب نئی دہلی کے پاس موجود رافیل طیاروں کی تعداد سامنے آگئی ہے۔
برطانوی ایوی ایشن میگزین ’فلائٹ انٹرنیشنل‘ کی ایک رپورٹ میں یہ سامنے آیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے پاس اس وقت فرانس کے تیار کردہ لڑاکا طیارے ’رافیل‘ کی تعداد 32 ہے۔ پاکستان کے ساتھ مئی 2025 کی جنگ سے قبل یہ تعداد 36 تھی۔
اس رپورٹ نے پاکستان کے اس اعلان کو مزید تقویت دی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ مئی 2025 کی جنگ میں اس نے رافیل سمیت متعدد بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔
7d61ff19-858d-4fb4-bc0a-97cb4102cc5e.pdf by usmandatari
بھارت نے 22 اپریل 2025 کو مقبوضہ کمشیر کے علاقے پہلگام میں ایک ’فالس فلیگ آپریشن‘ کے بعد پاکستان پربے بنیاد الزامات لگانے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور پھر مئی 2025 میں ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان کے خلاف بلاجواز فوجی حملوں کا آغاز کیا تھا۔
جواب میں پاکستان نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے ’آپریشن بنیان المرصوص‘ کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ بلآخر امریکی صدر کی مداخلت سے 10 مئی 2025 کو فریقین کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔ تاہم اس دوران بھارت کو عبرتناک شکست کے ساتھ ساتھ متعدد رافیل طیارے گرنے پر عالمی سطح پر شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
دنیا بھر کی فضائیہ کی سالانہ ڈائریکٹری سے متعلق فلائٹ انٹرنیشنل کے نومبر کے شمارے میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی فضائیہ کے پاس اس وقت 32 رافیل طیارے موجود ہیں۔

ایوی ایشن میڈیا آؤٹ لیٹ ’فلائٹ گلوبل‘ کی جانب سے ماہانہ شائع ہونے والے میگزین ’فلائٹ انٹرنیشنل‘ کو 1909 میں قائم کیا گیا تھا اور یہ فضائی صنعت پر توجہ مرکوز رکھنے والا ایک جریدہ ہے۔
رافیل دو انجنوں والا لڑاکا طیارہ ہے۔ اسے فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن نے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔ فرانسیسی گروپ اسے ’ہمہ جہت‘ قرار دیتا ہے۔ یہ طیارہ گہرائی تک حملوں، جوہری دفاع، فضائی جاسوسی اور بحری جہاز شکن حملوں سمیت مختلف مشن انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بھارت نے سال 2016 میں فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ سے 36 رافیل طیارے خریدنے کے لیے لگ بھگ 8 ارب 70 کروڑ ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ نئی دہلی نے حال ہی میں مزید 114 رافیل طیارے خریدنے کا بھی آرڈر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان رافیل کی مالیت کا تخمینہ 34 سے 39 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
مئی 2025 کی جنگ کے دوران جب پاکستان نےرافیل سمیت متعد بھارتی طیارے مار گرانے کا اعلان کیا تو نئی دہلی نے جنگ کے دوران ”کچھ نقصان“ کی تصدیق تو کی تھی لیکن طیارے گرنے کی تردید کی تھی۔
اس جنگ کے بعد اُس وقت فرانسیسی انٹیلی جینس کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو تصدیق کی تھی کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا ایک رافیل طیارہ مار گرایا تھا۔
بعد ازاں مئی 2026 میں پاکستان ایئر فورس نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ جنگ کے دوران مار گرائے گئے بھارتی تعداد کی ”مصدقہ تعداد“ میں چار رافیل، ایک ایس یو 30، ایک مگ 29، ایک میراج 2000 اور ایک کثیر المقاصد بغیر پائلٹ فضائی نظام شامل تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ اس جنگ کے دوران کئی طیارے مار گرائے گئے تھے۔ کبھی انہوں نے 5 تو کبھی 7 کی تعداد بتائی بعد ازاں فروری میں ان کی جانب سے بتائی گئی تازہ ترین تعداد 10 تھی۔
