غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملے میں شہادتوں کے بعد ’بورڈ آف پیس‘ کا کہنا ہے کہ خان یونس کے نصر اسپتال پر اسرائیلی حملے میں ہونے والی اموات اس بات کی واضح نشاندہی کرتی ہیں کہ صدر ٹرمپ کے جامع امن منصوبے پر بغیر کسی تاخیر کے فوری عمل درآمد کیوں ضروری ہے۔
بورڈ آف پیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امن منصوبے پر عمل درآمد میں تاخیر کی صورت میں اس طرح کے المناک واقعات پیش آتے رہیں گے جن میں حماس اسرائیل پر اسپتالوں کو دانستہ نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتی ہے جب کہ اسرائیل یہ مؤقف اپناتا ہے کہ حماس ان مراکز کو عسکری کارروائیوں کے لیے استعمال کرتی ہے اور اس کی قیمت بالآخر بے گناہ غزہ کے لوگوں کو چکانا پڑتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی تنازعات کے حل کے لیے رواں برس جنوری میں بورڈ آف پیس قائم کیا تھا۔ اس بورڈ کے چارٹر کے مطابق صدر ٹرمپ خود اس کے پہلے چیئرمین ہیں اور یہ فورم عالمی سطح پر امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے کام کرے گا۔
بورڈ آف پیس کا خیال ستمبر 2025 میں اُس وقت سامنے آیا تھا، جب صدر ٹرمپ نے غزہ جنگ کو ختم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔
بورڈ آف پیس کے ایگزیکٹو ممبران میں ورلڈ بینک کے سربراہ اجے بنگا، سابق برطانوی وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر، صدر ٹرمپ کے داماد جیئرڈ کشنر، امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائے مشرقِ وسطیٰ اسٹیو وٹکوف سمیت دیگر شامل ہیں۔
بورڈ آف پیس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل اور حماس دونوں کو جامع امن منصوبے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر فوری عمل درآمد کریں۔ ان ذمہ داریوں میں عام لوگوں کا تحفظ، جنگ بندی برقرار رکھنا اور غزہ کو غیر عسکری بنانا شامل ہے۔
https://t.co/8Uuv7GN7mm
— Board of Peace (@BoardOfPeace) November 12, 2026
بورڈ آف پیس کا کہنا ہے کہ اس نے ایک اسٹریٹجک لائحہ عمل تیار کیا ہے تاکہ غزہ کے لوگوں کو محفوظ ماحول اور ضروری طبی سہولتوں تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین اس منصوبے پر مزید تاخیر کے عمل درآمد کے لیے بورڈ آف پیس کو ضروری اختیارات اور آپریشنل گنجائش فراہم کریں۔
واضح رہے کہ جعمرات کو اسرائیل نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں نصر اسپتال کی عمارت پر فضائی حملہ کیا ہے جس میں سرجن سمیت کم از کم 5 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 1600 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس دوران اس کے 4 فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں امریکا کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد غزہ میں بڑے پیمانے پر لڑائی رک گئی تھی تاہم فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی حملے تاحال مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔
فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ پر شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر کے حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔



