ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 11.85 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جبکہ 20 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ایل پی جی کی قیمت میں سب سے زیادہ 22.44 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مرغی کا گوشت 12.20 فیصد مہنگا ہوا، پیاز کی قیمت میں 4.19 فیصد اضافہ ہوا، شرٹنگ کپڑا 1.86 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 1.66 فیصد مہنگی ہوئی۔
آٹے کی قیمت میں ہفتہ واربنیادوں پرایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح لہسن، جلانے کی لکڑی اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر کی قیمت میں 21.99 فیصد کمی ہوئی، جبکہ پیٹرول 3.63 فیصد اور ڈیزل 1.68 فیصد سستا ہوا۔
کیلے کی قیمت میں 2.42 فیصد، آلوکی قیمت میں 1.38 فیصد اور دال چنا کی قیمت میں 0.93 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، انڈوں اور پاؤڈر دودھ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی، تاہم مجموعی طور پرہفتہ وارمہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں سالانہ بنیادوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں، جن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں ایک سال کے دوران 107.12 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پیاز 72.81 فیصد مہنگے ہوئے۔
بجلی کے نرخوں میں سالانہ بنیادوں پر 58.59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 44.17 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 41.56 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مرغی کا گوشت ایک سال میں 38.99 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ آٹے کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 36.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مٹن کی قیمت 14.66 فیصد اور بیف کی قیمت 12.10 فیصد بڑھ گئی۔ سادہ ڈبل روٹی 10.82 فیصد اور تیار چائے 8.36 فیصد مہنگی ہوئی۔
دوسری جانب سالانہ بنیادوں پر بعض اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ٹماٹر 71.72 فیصد سستے ہوئے جبکہ آلو کی قیمت میں 40.75 فیصد کمی ہوئی، چینی کی قیمت سالانہ بنیادوں پر 25 فیصد کم ہوئی جبکہ انڈوں کی قیمت میں 22.14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وارمہنگائی میں اضافے کے ساتھ سالانہ بنیادوں پر بھی متعدد بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ برقرار ہے جبکہ بعض غذائی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی کی مجموعی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔



