زمبابوے نے افغانستان کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں 500 سے زائد رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کر دی۔
ٹیسٹ کرکٹ کی طویل تاریخ میں اس سے پہلے کوئی ٹیم ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں یہ سنگِ میل عبور نہیں کر سکی تھی۔ یہ کارنامہ زمبابوین کرکٹ کیلیے اہم تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
شارجہ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں زمبابوے نے اپنی پہلی اننگز میں 504 اسکور کیے۔ زمبابوے کی جانب سے برینڈن ٹیلر نے 131 اور برائن بینیٹ نے 128 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
زمبابوے کے 504 رنز کے جواب میں افغانستان نے اپنی پہلی اننگز میں 514 رنز بنائے، افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ نے 173، رحمان اللہ زدران نے 113 اور صدیق اللہ اٹل نے 105 رنز بنائے۔
زمبابوے نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 523 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ کپتان کریگ ایروائن نے ناقابلِ شکست 206 رنز کی ڈبل سنچری اسکور کی، جبکہ ویسلے مدھیویرے نے 100 رنز بنائے۔
اس طرح زمبابوے نے دونوں اننگز میں بالترتیب 504 اور 523 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں 500 سے زائد رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
افغانستان اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ ڈرا ہو گیا تاہم اس ٹیسٹ میچ کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ زمبابوے ٹیم کے کپتان کریگ ایرون نے ٹیسٹ میچ میں 41 سال کی عمر میں ڈبل سنچری بنائی جس کے بعد وہ 40 سال سے زائد عمر میں ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے چھٹے بیٹر بن گئے۔
کریگ ایرون نے 32 سال بعد 40 سال سے زائد عمر میں ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دیا، اس سے پہلے 1994 میں انگلینڈ کے گراہم گوچ نے 40 سال کی عمر میں ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔



