راولپنڈی میں گھر کے اندر گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے اہلخانہ نے ان کے شوہر احسن طاہر خان کیخلاف درج قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ربیعہ احسن کی لاش گزشتہ روز اڈیالہ روڈ پر گلشن آباد میں گھر کے اندر سے ملی تھی جس کے بعد پولیس نے ان کے شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔
ربیعہ کی بہن علوینا نے ہم نیوز ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی بہن کی موت 110 فیصد حادثاتی تھی، مجھے ایسا محسوس بھی نہیں ہوتا کہ خاندان نے کوئی مقدمہ درج کرایا ہے اور نہ ہی وہ اسے آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا خاندان شدید صدمے سے دوچار ہے، اس کیفیت سے باہر آنے کے بعد واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے لائیں گے۔
علوینا نے میڈیا کوریج پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ہمدردی کے نام پر ان سے ایک بات کہلوائی جاتی ہے اور اسے مختلف انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ربیعہ کے شوہر احسن طاہر نے تفتیش کے دوران کہا کہ وہ مذاق میں مقامی ساختہ پستول رابیعہ کی طرف کرکے اس کا چیمبر لوڈ کر رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی، جو رابیعہ کی گردن میں لگی۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت گھر کا ایک ملازم بھی کمرے میں موجود تھا جبکہ میاں بیوی کے درمیان کسی جھگڑے کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس نے راولپنڈی کی عدالت سے احسن طاہر کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے، تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلخانہ کی جانب سے مقدمہ واپس لینے کی خواہش کے باوجود پولیس قانونی کارروائی جاری رکھے گی۔
اس سے قبل رابعہ احسن کے قتل کا مقدمہ (ایف آئی آر نمبر 1231/26) تھانہ صدر بیرونی میں ان کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 اور پنجاب آرمز (ترمیمی) آرڈیننس 2015 کی دفعہ 13-2(a) شامل کی گئی ہے، جو بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے سے متعلق ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق خرم احمد، جو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں ملازم اور اسلام آباد میں رہائش پذیر ہیں، اپنی بہن سے ملاقات کیلیے جا رہے تھے کہ انہیں دوسری بہن علوینا نے فون کال پر بتایا کہ وہ اور ان کی والدہ گھر کے لان میں بیٹھی تھیں جبکہ رابیعہ اور ان کے شوہر کمرے میں موجود تھے کہ تقریباً دوپہر ڈھائی بجے فائرنگ کی آواز سنائی دی۔
ایف آئی آر کے مطابق اہلخانہ کمرے میں پہنچے تو رابیعہ خون میں لت پت فرش پر بیڈ کے قریب پڑی تھیں جبکہ احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ربیعہ کے جسم پر خون آلود زخموں کے دو نشانات پائے گئے، ایک گلے کے نیچے سامنے کی جانب جبکہ دوسرا کمر کے دائیں حصے میں تھا۔
پولیس نے احسن طاہر سے 30 بور پستول بھی برآمد کیا، جس کا وہ لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہیں کر سکے۔
دوسری جانب قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ درج شدہ ایف آئی آر کو شکایت کنندہ محض اپنی درخواست پر ختم نہیں کرا سکتا۔ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ قابلِ راضی نامہ ہے، تاہم مقتول کے قانونی ورثاء دورانِ ٹرائل عدالت کی اجازت سے ملزم کو معاف کر سکتے ہیں۔
سپریم کورٹ کے وکیل اور فوجداری مقدمات کے ماہر عثمان گل کے مطابق غیر قانونی اسلحے کے استعمال کی صورت میں مقدمہ قانونی طور پر قتل کی دفعہ 302 کے تحت آتا ہے اور اسے محض غلطی سے ہونے والی ہلاکت یعنی قتل بالخطا قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اسلحہ رکھنے کا مقدمہ الگ نوعیت کا ہے اور ریاست کی جانب سے چلایا جاتا ہے۔
دریں اثنا پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران احسن طاہر نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اسلحے سے کھیل رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی۔ تاہم ایف آئی آر میں زخموں کی جگہ گلے کے نیچے اور کمر کے دائیں حصے میں درج ہے۔
Subject: *Murder of Ms. Rabia Ahmed Khan, 92 News.*
District: Rawalpindi
Dated: 08-11-26Sir,
Ms. Rabiya Ahmad, aged 41, a journalist associated with 92 News, was found dead in her room with a gunshot wound to the head.During initial interrogation, her husband, Ahsan Tahir Khan, claims that the firearm had discharged accidentally while he was playing with the weapon.
*The accused has been taken into custody along with the weapon of offence.*
PFSA teams are collecting evidence from the crime scene. Further investigation and legal proceedings are underway.
FIP
— Azma Zahid Bokhari (@AzmaBokhariPMLN) November 8, 2026
علاوہ ازیں صدر مملکت کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے صحافی ربیعہ احسن کے قتل کی مکمل، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
آصفہ بھٹو نے کہا کہ تین ماہ سے بھی کم عرصے قبل راولپنڈی میں ایک اور پیشہ ور خاتون حنا جاوید کو بھی قتل کیا گیا تھا، تاہم اس مقدمے کی تحقیقات کا نتیجہ تاحال سامنے نہیں آیا۔ خواتین کو اپنی زندگیوں کے خوف کے بغیر کام کرنے اور زندگی گزارنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
The First Lady has expressed deep sadness over the killing of journalist Rabia Ahsan and strongly condemned the violence. She called for a thorough, impartial and transparent investigation to establish the facts and ensure that those responsible are held accountable.
She also expressed dismay over another incident disturbing pattern of killing of another professional woman in the same metropolitan area. Less than three months ago, Hina Javed was killed and the outcome of the investigation into her case is still awaited. Such incidents demand serious attention and accountability. Women must be able to live and work without fear for their lives.
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 8, 2026
خیال رہے ربیعہ احسن نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک سابقہ پوسٹ میں ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے معاملے پر تبصرہ کیا تھا۔ انہوں نے اس معاملے سے متعلق ماضی میں قائم کی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کی رپورٹس اور کابینہ کمیٹیوں کا حوالہ بھی دیا تھا۔
انہوں نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو سے متعلق ٹی وی پروگراموں پر ہونے والی عدالتی کارروائیوں اور اس منصوبے کے حوالے سے مبینہ طور پر اپارٹمنٹس حاصل کرنے والے افراد کے بارے میں بھی تبصرے کیے تھے۔
اب تک ایسا کوئی باضابطہ ثبوت سامنے نہیں آیا جس سے ربیعہ احسن کی سوشل میڈیا پوسٹس یا ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو سے متعلق ان کے تبصروں کو قتل کے واقعے سے جوڑا جا سکے۔



