فرانس میں سیکڑوں کاروباری مراکز کے کمرشل فریج اور فریزرز کو ناکارہ بنانے والے سائبر حملوں کے پیچھے ایرانی ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والے ہیکرز کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
فرانسیسی حکام اس امکان کی تحقیقات کررہے ہیں کہ گزشتہ ماہ ہونے والے ان حملوں کے ذریعے ملک بھر میں سپر مارکیٹوں اور دیگر تجارتی مراکز کے کولنگ سسٹم کو نشانہ بنایا گیا۔
فرانس میں 11 اکتوبر کو ہونے والے سائبر حملے کے دوران ہیکرز نے سیکڑوں تجارتی مراکز میں نصب فریج اور فریزرز کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے والے نظام میں مداخلت کی۔سائبر حملے کے نتیجے میں کولنگ سسٹم کا درجہ حرارت اچانک بڑھا دیا گیا، جس سے گوشت، دودھ سے بنی اشیا اور دیگر غذائی مصنوعات خراب ہوگئیں۔
صورتحال اس قدر سنگین ہوگئی کہ بعض فریجوں کا درجہ حرارت انتہائی بڑھنے کے باعث ان میں آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے۔حملے کے بعد سپر مارکیٹوں کے ملازمین کو بڑی مقدار میں خراب گوشت اور پگھلی ہوئی آئس کریم کو بڑے کچرا کنٹینرز میں منتقل کرنا پڑا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس معاملے سے واقف دو افراد نے پیر کو بتایا کہ فرانسیسی حکام کو شبہ ہے کہ ان سائبر حملوں کے پیچھے ایران سے وابستہ ہیکرز ہوسکتے ہیں۔ تاہم حکام نے ابھی تک اس حوالے سے حتمی شواہد یا تحقیقات کے نتائج عوامی سطح پر جاری نہیں کیے۔
رائٹرز کے مطابق یہ حملے ایران کے ساتھ فروری میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد ہونے والے سب سے زیادہ خلل پیدا کرنے والے سائبر حملوں میں شمار ہوسکتے ہیں، اس جنگ کے دوران مختلف ممالک میں سائبر حملوں اور ڈیجیٹل نظام میں مداخلت کے متعدد واقعات بھی سامنے آچکے ہیں۔
پرانے سافٹ ویئر اور کمزور سکیورٹی سے ہیکرز کو رسائی ملی
سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق بظاہر یہ حملے تکنیکی طور پر زیادہ پیچیدہ نہیں تھے، تاہم ان کے اثرات انتہائی سنگین ثابت ہوئے۔
متاثرہ فریج اور کولنگ یونٹس تیار کرنے والی کمپنی کے مطابق متعدد مشینیں پرانی تھیں یا ان میں فرسودہ فرم ویئر استعمال کیا جارہا تھا، جس کے باعث ہیکرز کے لیے ان کے نظام تک رسائی حاصل کرنا نسبتاً آسان ہوسکتا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سے منسلک صنعتی اور تجارتی آلات میں پرانے سافٹ ویئر اور سکیورٹی اپ ڈیٹس کی عدم موجودگی سائبر حملوں کے خطرات میں اضافہ کرتی ہے۔
یورپ کے 100 سے زائد مراکز پر حملوں کی دوسری لہر
فرانس میں ابتدائی سائبر حملوں کے بعد رواں ماہ یورپ کے مختلف ممالک میں حملوں کی دوسری لہر بھی سامنے آئی، جس میں 100 سے زائد کاروباری مراکز متاثر ہوئے۔
اس مرتبہ حملوں کی زد میں فرانس کے بلڈ بینکوں میں استعمال ہونے والے فریج بھی آگئے۔
حملوں کے باعث خون محفوظ رکھنے والے بعض کولنگ یونٹس متاثر ہوئے، جس کے بعد بلڈ بینک کے عملے کو خون کی کچھ مقدار دوسرے محفوظ کولڈ اسٹوریج یونٹس میں منتقل کرنا پڑی۔
اس پیش رفت نے صحت عامہ اور خون کے محفوظ ذخیرے کے حوالے سے بھی تشویش پیدا کردی ہے۔
امریکا میں فوجی مراکز کے فریج بھی سائبر حملوں کا نشانہ بنے
یورپ میں سپر مارکیٹوں کے فریج پر ہونے والے حملوں سے قبل امریکا میں بھی اسی نوعیت کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اگست میں امریکا کے کم از کم نصف درجن فوجی کمرشل مراکز میں نصب فریج ناکارہ ہوگئے تھے۔
امریکی محکمہ دفاع کے تفتیش کار ان واقعات کو ممکنہ سائبر حملہ قرار دے کر تحقیقات کررہے ہیں۔
رائٹرز نے گزشتہ ماہ رپورٹ کیا تھا کہ امریکی حکام اس معاملے کی تحقیقات میں فرانسیسی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں تاکہ ان واقعات کے درمیان ممکنہ تعلق کا پتا لگایا جاسکے۔
معاملے سے واقف ایک شخص کے مطابق امریکی محکمہ دفاع بھی اگست میں فوجی مراکز کے فریج پر ہونے والے حملوں میں ایران کو ممکنہ مشتبہ فریق سمجھتا ہے تاہم تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
رائٹرز آزادانہ طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کرسکا کہ امریکا میں فوجی مراکز، فرانس کی سپر مارکیٹوں اور یورپ میں حالیہ حملوں کے درمیان کوئی براہ راست تعلق موجود ہے یا نہیں۔
پینٹاگون کا مؤقف، تحقیقات جاری ہیں
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے پیر کو کہا کہ وہ ممکنہ سائبر حملے سے متعلق سامنے آنے والی قیاس آرائیوں سے آگاہ ہے۔
پینٹاگون کے مطابق فوجی تفتیش کار اس معاملے پر کام کررہے ہیں تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کی جاسکتیں۔
دوسری جانب فرانس کی وزارت خارجہ اور پیرس کے پراسیکیوٹر آفس نے رائٹرز کی جانب سے مؤقف جاننے کے لیے بھیجے گئے سوالات کا فوری جواب نہیں دیا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے بھی تبصرے کے لیے بھیجے گئے پیغامات کا جواب نہیں دیا۔ ایران عمومی طور پر اپنے خلاف سائبر حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کرتا ہے۔
سائبر حملوں کے پیچھے کون؟ روس، ایران اور مصنوعی ذہانت پر بھی سوالات
یورپ میں فریج اور کولنگ سسٹم کو نشانہ بنانے والے ان حملوں نے عالمی سطح پر سائبر سکیورٹی کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
حالیہ واقعات کے بعد ماہرین اور حکام مختلف ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں، جن میں یورپ میں روس سے منسوب تخریبی سرگرمیاں، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے کیے جانے والے جدید سائبر حملے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال مارچ میں لاس اینجلس کے ٹرانزٹ سسٹم، جولائی میں امریکا کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس اور اگست میں امریکا جانے والے بحری جہازوں کے نظام میں بھی سائبر مداخلت اور خلل کے واقعات سامنے آئے تھے۔
تاہم ان تمام واقعات کے درمیان کسی مشترکہ ذمہ دار یا منظم نیٹ ورک کا تعلق ابھی تک ثابت نہیں ہوسکا۔
سائبر سکیورٹی کے لیے نیا خطرہ
فرانس اور یورپ میں ہونے والے حالیہ واقعات نے واضح کیا ہے کہ سائبر حملوں کا دائرہ اب صرف بینکوں، سرکاری اداروں اور اہم ڈیجیٹل نیٹ ورکس تک محدود نہیں رہا بلکہ روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والے صنعتی اور تجارتی آلات بھی ان کی زد میں آسکتے ہیں۔
سپر مارکیٹوں کے فریج، بلڈ بینکوں کے کولنگ یونٹس اور فوجی مراکز میں استعمال ہونے والے آلات متاثر ہونے سے خوراک، صحت عامہ اور قومی سلامتی کے حوالے سے بھی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
فرانسیسی اور امریکی حکام کی تحقیقات جاری ہیں تاہم اب تک یہ حتمی طور پر ثابت نہیں ہوسکا کہ فرانس اور امریکا میں ہونے والے حملوں کے پیچھے ایک ہی گروہ یا ایران سے وابستہ ہیکرز کا نیٹ ورک کام کررہا تھا۔



