پاکستان نے حوثیوں سے سعودی عرب پر تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں 2022 میں طے پانے والی جنگ بندی بھی عملاً غیر مؤثر ہوگئی ہے۔
اس جنگ بندی کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان بڑے پیمانے پر لڑائی میں نمایاں کمی آئی تھی، تاہم حالیہ کشیدگی نے خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے نئے خدشات پیدا کردیے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حملے کی کوشش کے نتیجے میں عمارت کو محدود نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پاکستان نے سعودی حکام کی مستعدی اور بروقت کارروائی کو سراہا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ شہری اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی سے لاپرواہی کا مظہر ہے۔
🔊PR No.3️⃣2️⃣3️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Pakistan Strongly Condemns Attempted Attack by the Houthis on Saudi Aramco Administrative Building in Riyadh
🔗⬇️ https://t.co/ybL7R0ROuq
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 9, 2026
ترجمان دفتر خارجہ نے حوثیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب پر تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں، پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور سعودی عرب کی سلامتی کو پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔
پاکستان نے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
آرامکو کی عمارت کو محدود نقصان، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
سعودی وزارت توانائی کے مطابق 8 نومبر کو ریاض میں سعودی آرامکو سے وابستہ ایک انتظامی عمارت کو حملے کی کوشش کے دوران گرنے والے ملبے اور شیل کے ٹکڑوں سے نقصان پہنچا تھا۔ حکام نے واضح کیا کہ نقصان محدود تھا اور کوئی شخص زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق عمارت کے متعدد حصوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں جبکہ عمارت کے بیرونی حصے کو بھی نقصان پہنچا، یہ عمارت ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے۔
سعودی فضائی دفاع نے میزائل حملے ناکام بنا دیے
حملے کے واقعے سے قبل سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کردیا۔
سعودی حکام کے مطابق حملے کے بعد متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھا اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثیوں نے ریاض پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ حالیہ مہینوں میں سعودی عرب کی تیل تنصیبات، ریفائنریوں، ذخیرہ گاہوں اور دیگر اہم مقامات کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
یمن میں حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد 2022 میں قائم ہونے والی اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی بھی عملاً غیر مؤثر ہوچکی ہے، جولائی 2026 سے دوبارہ لڑائی میں شدت آنے کی اطلاعات ہیں۔
پاکستان اس سے قبل 26 اکتوبر کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں کو نشانہ بنانے والے حوثی میزائل حملوں کی بھی مذمت کرچکا ہے، اسلام آباد نے سعودی عرب کے دفاع اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا تھا۔
پاکستان کے حالیہ بیان سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام آباد سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان نے حملوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ اپنی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا ہے۔



