امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر دوبارہ حملوں کے امکانات کم ظاہر کیے جانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم آبنائے ہرمز کے قریب بحری جہازوں پر تازہ حملوں کے باعث تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات برقرار ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق پیر کو برینٹ خام تیل کی قیمت 3.49 ڈالر یعنی 3.6 فیصد کمی کے بعد 94.83 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 2.66 ڈالر یعنی 2.9 فیصد کمی کے بعد 88.17 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
واضح رہے کہ برینٹ خام تیل کی قیمت گزشتہ ہفتے بھی 16 فیصد گر کر 93.22 ڈالر فی بیرل کی دو ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ یہ کورونا وبا کے آغاز کے بعد کسی ایک ہفتے کے دوران اس کی سب سے بڑی گراوٹ تھی۔
سیکسو بینک کے تجزیہ کار اولے ہینسن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی امیدیں ہیں۔ جبکہ ایران پر نئے حملوں کے امکانات نہ ہونے سے متعلق ٹرمپ کے حالیہ بیانات بھی قیمتوں پر اثرانداذ ہوئے ہیں۔
یو بی ایس سوئٹزرلینڈ کے تجزیہ کار جیوانی اسٹوانوو نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک وجہ حقیقی منڈی میں کمزوری اور مشرق وسطیٰ سے تیل کی ترسیل کا نسبتاً بلند سطح پر برقرار رہنا بھی ہے۔
اس سے قبل ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب تک جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں، ایران پر نئے حملوں کا حکم دینے کا امکان انتہائی کم ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ حملوں کا عندیہ دیا تھا، تاہم اب تک بڑے پیمانے پر کسی نئی امریکی فوجی کارروائی کے آثار سامنے نہیں آئے۔
ایران نے خبردار کیا ہے کہ ایسی کسی کارروائی کی صورت میں وہ امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنائے گا۔
عالمی اور ایوارڈ یافتہ مالیاتی ادارے کے سی ایم ٹریڈ کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرر نے ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو نسبتاً محتاط قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب یہ دیکھنا ہے کہ آیا وسط مدتی انتخابات کے بعد ٹرمپ کی جنگ سے متعلق پالیسی میں مستقل تبدیلی آئی ہے یا یہ محض عارضی طور پر لہجے میں تبدیلی ہے۔


