حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ 60 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ 64 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 391 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 23 اکتوبر 2026 کے لئے ہوگا۔

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں کمی سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں پیٹرول استعمال کرنے والے صارفین کو معمولی ریلیف ملے گا، جبکہ ڈیزل مہنگا ہونے سے اس کا استعمال کرنے والے صارفین کے اخراجات میں اضافہ ہوگا۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، زرعی مشینری اور دیگر شعبوں میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمت میں اضافے کے اثرات اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل اور پیداواری اخراجات پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں عالمی منڈی میں تیار شدہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں، درآمدی اخراجات، پریمیم، فریٹ اور دیگر متعلقہ عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اوگرا کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں قیمتوں اوردیگر اخراجات میں تبدیلی کے مطابق کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ روپے اور ڈالر کی شرح تبادلہ، حکومتی ٹیکس اور لیویز بھی صارفین کے لیے مقرر کردہ حتمی قیمت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔



