خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے بازار ذخہ خیل میں پراسرار بیماری سے ایک ہی خاندان کے 5 بچے جاں بحق ہو گئے۔
خیبر میں بچوں کی پراسرار بیماری سے اموات اس نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل بھی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ رواں سال جون میں بنوں کے علاقے تختی خیل میں پراسرار بیماری سے ایک ہی خاندان کے 5 ، لوئر دیر کے مختلف علاقوں میں7 اور صوابی کے علاقے گدون امازئی میں 7 بچے موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) خیبر کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران پراسرار بیماری سے 5 بچوں کی اموات ہوئیں، جن میں 3 کمسن بچیاں اور 2 بچے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ایک ہی خاندان کے 7 بچے پراسرار بیماری سے متاثر ہوئے، جن میں سے 5 انتقال کر گئے جبکہ 2 متاثرہ بچوں کی حالت غیر ہونے پر انہیں بے ہوشی کی حالت میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق بچوں کی اموات کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، بیماری کی وجوہات جاننے کے لیے محکمہ صحت کی خصوصی ٹیم علاقے میں بھیج دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹیم متاثرہ بچوں کی تفصیلات، بیماری کی علامات اور دیگر شواہد کا جائزہ لے گی، جس کے بعد بچوں کی اموات کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی۔


