موسیقی کو لوگوں کی یادوں میں محفوظ رکھنے کا ایک مؤثر ذریعہ شاعری ہے۔ پاکستانیوں کی ’ملینیلز‘ کو آج بھی یاد ہوگا کہ ان کے گھر کے بزرگ علامہ محمد اقبال کی شاعری، خصوصاً ”شکوہ“ اور ”جوابِ شکوہ“ کے طویل اشعار فخر کے ساتھ زبانی سنایا کرتے تھے، تاہم نئی نسل نے انہی اشعار کو موسیقی کے ذریعے یاد رکھا، جس کی نمایاں مثال کوک اسٹوڈیو میں ان دونوں نظموں کی جدید انداز میں پیشکش ہے۔
اقبال کی شاعری وقت کے ساتھ کتابوں، تعلیمی اداروں اور یادگاری تقریبات سے نکل کر موسیقی کی دنیا تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستانی موسیقاروں نے نسل در نسل ان کے اردو اور فارسی کلام کو قوالی، غزل، پاپ اور راک موسیقی کے مختلف انداز میں پیش کیا، جس سے ان کے اشعار اور افکار کو نئی زندگی ملی۔
اقبال کی شاعری کے اسی موسیقی کا سفر نے انہیں آج بھی عوامی ثقافت میں زندہ رکھا ہوا ہے۔ خودی، ایمان، سوز، آرزو اور بلند مقاصد جیسے موضوعات پر مبنی ان کا کلام شعری مجموعوں سے نکل کر اسکولوں کی اسمبلیوں، ٹیلی ویژن اسٹوڈیوز، میوزک البمز، کنسرٹس اور ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارمز تک پہنچ چکا ہے۔
یوں اقبال نئی نسل کے لیے صرف ایک ایسے شاعر نہیں رہے جنہیں کتابوں میں پڑھا جاتا ہے بلکہ ان کا کلام موسیقی کے ذریعے بھی سنا اور یاد رکھا جاتا ہے۔
یوم اقبال کے موقع پر ایسے سات گانے ملاحظہ کیجیے جن کے ذریعے مختلف فنکاروں نے اقبال کی شاعری کو منفرد میوزیکل انداز میں پیش کیا۔
1۔ خودی — جنون
پاکستان میں شاید ہی کوئی دوسرا میوزک بینڈ جنون کی طرح اقبال کے کلام کو راک موسیقی کے ترانے میں ڈھالنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
جنون کے معروف البم ”آزادی“ میں 1997ء میں ریلیز ہونے والا گانا ”خودی“ علامہ اقبال کے تصور خودی سے ماخوذ ہے، جس کی بنیاد ان کا مشہور شعر ”خودی کو کر بلند اتنا“ ہے۔
الیکٹرک گٹار، راک موسیقی کی تیز دھڑکن اور اقبال کا کلام بظاہر ایک غیر معمولی امتزاج محسوس ہوتے ہیں، تاہم اس گانے نے ثابت کیا کہ اقبال کی شاعری روایتی انداز قرأت سے آگے بڑھ کر جدید موسیقی میں بھی فطری طور پر اپنی جگہ بنا سکتی ہے۔
2۔ خودی کا سر نہاں — شہزاد رائے
شہزاد رائے نے بھی علامہ اقبال کے فلسفہ خودی کو اپنی موسیقی کا حصہ بنایا۔ انہوں نے اقبال کی نظم کے ان اشعار کو منتخب کیا جن کا آغاز ”خودی کا سر نہاں، لا الٰہ الا اللہ“ سے ہوتا ہے۔
یہ نظم اقبال کے شعری مجموعے ”ضرب کلیم“ میں شامل ہے، جس میں شاعر نے خودی کے تصور کو ایمان اور روحانی یقین کے ساتھ جوڑا ہے۔
شہزاد رائے کی تیار کردہ اس میوزیکل پیشکش نے اقبال کے کلام کو جدید پاپ موسیقی کے انداز میں متعارف کرایا، جس سے یہ ان سامعین کے لیے بھی قابل رسائی بن گیا جو عام طور پر اقبال کی شاعری سے درسی کتابوں یا روایتی انداز قرأت کے ذریعے واقف ہوتے ہیں۔
3۔ کبھی اے حقیقت — نصرت فتح علی خان
علامہ اقبال کے کلام کو میوزک کے ذریعے نئی جہت دینے والوں میں استاد نصرت فتح علی خان کا نام بھی نمایاں ہے۔
ان کی قوالی ”کبھی اے حقیقت“ اقبال کی روحانیت اور تلاش حقیقت کے جذبے کو ایک پُراثر میوزیکل انداز میں پیش کرتی ہے۔
یہ کلام البم ”حقیقت (کلام اقبال)“ میں شامل ہے، جس میں تکرار، برجستہ موسیقی انداز اور نصرت فتح علی خان کی غیر معمولی آواز کے ذریعے اقبال کے اشعار کو ایک نئی زندگی دی گئی ہے۔ یہ پیشکش روایتی انداز قرأت سے مختلف ہے اور سامعین کو اقبال کے کلام سے ایک منفرد روحانی اور جذباتی تجربے سے روشناس کراتی ہے۔
4۔ تیرے عشق کی انتہا چاہتا ہوں — راحت فتح علی خان
راحت فتح علی خان کی آواز میں پیش کیا گیا کلام ”تیرے عشق کی انتہا چاہتا ہوں“ اقبال کی شاعری کے ایک مختلف اور قدرے فکری و جذباتی پہلو کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ کلام 2009 کے موسیقی کے منصوبے ”ستاروں سے آگے — علامہ اقبال اسپیشل“ میں شامل تھا، جس میں اقبال کی غزل کو نیم کلاسیکی موسیقی کے انداز میں تفصیل کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اقبال کی شاعری میں عموماً فلسفیانہ خیالات اور بلند آہنگ فکر نمایاں دکھائی دیتی ہے، تاہم اس کلام میں محبت، آرزو، جدائی اور روحانی طلب کے جذبات کو نمایاں کیا گیا ہے۔ راحت فتح علی خان کی گائیکی نے ان کیفیات کو ایک منفرد انداز میں سامعین تک پہنچایا۔
5۔ از چشم ساقی — حدیقہ کیانی
حدیقہ کیانی نے علامہ اقبال کے کلام کے ایک اور منفرد پہلو کو اپنی موسیقی کا حصہ بنایا، اور وہ ہے اقبال کی فارسی شاعری۔ ان کے البم ”آسمان“ میں شامل گانا ”از چشم ساقی“ اقبال کے فارسی کلام کو جدید پاکستانی موسیقی کے امتزاج کے ساتھ پیش کرتا ہے۔
یہ میوزیکل پیشکش اس حقیقت کی بھی یاد دہانی کراتی ہے کہ اقبال کا ادبی ورثہ صرف اردو شاعری تک محدود نہیں، بلکہ ان کا فارسی کلام بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، جس سے پاکستان کے بیشتر لوگ عموماً تعلیمی نصاب کے ذریعے کم ہی واقف ہوتے ہیں۔
6۔ لب پہ آتی ہے دعا
پاکستان کی کئی نسلوں کے لیے علامہ اقبال کی نظم ”لب پہ آتی ہے دعا“ کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ اس نظم کا اصل عنوان ”بچے کی دعا“ ہے، جو کئی دہائیوں سے ملک بھر کے اسکولوں کی صبح کی اسمبلیوں کا مستقل حصہ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ اقبال کی ان ابتدائی نظموں میں شمار ہوتی ہے جنہیں بچے کم عمری ہی میں زبانی یاد کر لیتے ہیں۔
اس نظم نے نسل در نسل بچوں کے ذہنوں میں جگہ بنائی اور اقبال کے کلام کو تعلیمی اور عملی زندگی کا حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
7۔ شکوہ / جواب شکوہ — نتاشا بیگ، فرید ایاز، ابو محمد قوال اینڈ برادرز
اس سفر میں ایک اہم موڑ کوک اسٹوڈیو کی صورت میں سامنے آیا۔ کوک اسٹوڈیو کے سیزن 11 میں نظم ”شکوہ / جوابِ شکوہ“ کی پیشکش میں نتاشا بیگ کے ساتھ فرید ایاز، ابو محمد اور ان کے قوال گروپ نے حصہ لیا۔ اس منفرد پیشکش میں اقبال کی ان عظیم نظموں کو قوالی اور راک موسیقی کے امتزاج سے پیش کیا گیا، جس نے نئی نسل، خصوصاً جنریشن زی، کو اقبال کے کلام سے متعارف کرانے اور اسے یاد رکھنے کا ایک نیا ذریعہ فراہم کیا۔
ان سامعین کے لیے جنہوں نے اپنے بزرگوں کو ان نظموں کے طویل حصے زبانی سناتے ہوئے دیکھا تھا، 2018 کی یہ موسیقائی پیشکش اقبال کے کلام کو نئے انداز میں سننے اور سمجھنے کا ایک منفرد موقع تھی۔
علامہ اقبال کی نظم ”سارے جہاں سے اچھا، ہندوستان ہمارا“ کا ذکر بھی اس حوالے سے اہم ہے۔ یہ نظم 1904 میں لکھی گئی تھی اور اس کا اصل عنوان ”ترانہ ہندی“ تھا۔ اس نظم کا تعلق برصغیر کے اس دور سے ہے جب یہاں کی سیاسی جغرافیائی صورت حال آج سے بالکل مختلف تھی۔ اس وقت پاکستان کا وجود نہیں تھا اور یہ نظم برطانوی دور حکومت میں ایک مشترکہ ہندوستانی سرزمین اور اس کے باشندوں کے جذبات کی ترجمانی کرتی تھی، جب کہ تقسیم ہند اور نئی سرحدوں کے قیام میں ابھی کئی دہائیاں باقی تھیں۔
اس نظم کی میوزیکل تاریخ بھی خاصی دلچسپ ہے۔ اس کے ساتھ سب سے زیادہ معروف دھن پنڈت روی شنکر نے 1945 میں ترتیب دی، جب کہ بعد میں اس کی ایک فوجی طرز کی دھن اینٹشر لوبو نے تیار کی۔ ایک صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود یہ نظم آج بھی ان سرحدوں کے پار سنی جاتی ہے جو اقبال کے زمانے میں موجود نہیں تھیں۔
اقبال کا کلام اور بدلتے میوزیکل رنگ
پاکستان میں جنون کے راک میوزک سے لے کر نصرت فتح علی خان کی قوالی، حدیقہ کیانی کی فارسی شاعری پر مبنی پیشکش اور کوک اسٹوڈیو کے جدید میوزک کے تجربات تک، اقبال کے کلام کو ہر دور کے موسیقی کے تقاضوں کے مطابق نئے انداز میں پیش کیا جاتا رہا ہے۔
ایک صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اقبال کی شاعری مختلف اصناف موسیقی، نسلوں اور جغرافیائی حدود میں اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ قوالوں، راک بینڈز اور پاپ گلوکاروں نے ایک ہی کلام میں اپنے اپنے انداز سے نئے معنی اور جذبات تلاش کیے ہیں۔
شاید یہی اقبال کی شاعری کی پائیداری کا سب سے نمایاں ثبوت ہے کہ ان کا کلام صرف نصابی کتابوں میں پڑھائے جانے، یادگاری تقریبات میں پیش کیے جانے یا حوالوں میں استعمال ہونے تک محدود نہیں رہا بلکہ لوگ آج بھی ان کی طرف لوٹتے ہیں، ان کے اشعار کو نئی دھنوں میں ڈھالتے ہیں اور ہر دور میں محسوس کرتے ہیں کہ اقبال کی شاعری آج بھی ان سے ہم کلام ہے۔



