مشہور ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو کو سیالکوٹ پولیس نے مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کے بعد متاثرہ خاندان کو مبینہ دھمکیاں دینے کے کیس میں گرفتار کر لیا۔ جاں بحق محمد ریحان کے بہنوئی کی درخواست پر تھانہ صدر ڈسکہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
چند روز قبل سیالکوٹ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاکر سمیت 40 سے زائد نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ موترہ میں مقدمہ درج کرکے 6 افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔
مسٹر پتلو نے اپنے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 نومبر کو ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 نومبر تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد کے مطابق ملزم پر بھگدڑ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان ریحان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے اور مقدمے میں صلح کیلیے دباؤ ڈالنے کا الزام ہے۔ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی۔
فراز گراؤنڈ سانحہ ڈسکہ: متاثرہ خاندان کو صلح کے لیے دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مسٹر پتلو گرفتار۔
جاں بحق محمد ریحان کے بہنوئی کی درخواست پر تھانہ صدر ڈسکہ میں مقدمہ درج۔
#SialkotPolice https://t.co/N38EYv9hQO
— Sialkot Police (@DpoSialkot) November 9, 2026
پولیس نے بتایا کہ مقتول ریحان کے بہنوئی کی مدعیت میں مسٹر پتلو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ مسٹر پتلو نے اس سے قبل درج مقدمے میں مقامی عدالت سے ضمانت حاصل کر رکھی تھی، گرفتار ملزم کو کل ڈسکہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے بھگدڑ کے واقعے کے بعد مسٹر پتلو فرار ہو گیا تھا ، 2 نومبر کو انہوں نے نامعلوم مقام سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسٹیڈیم میں جو واقعہ پیش آیا یہ ایک حادثہ تھا جس میں میرا کوئی قصور نہیں، مشکل وقت میں سب مجھے چھوڑ کر چلے گئے، میری اگلی ویڈیو نہ آئی تو سمجھ لینا میں نے خودکشی کر لی ہے۔
مسٹر پتلو کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا اس میں میرا کوئی قصور نہیں ہے، میں نے ہمیشہ غریبوں کی مدد کی،جو لوگ دنیا سے چلے گئے ہیں میں ان کے ورثا کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔



