حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر داغے گئے ایک اور بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔
حالیہ دنوں میں سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں میں تیزی آئی ہے، مختلف واقعات میں اب تک 21 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، گزشتہ روز دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور شیبہ آئل فیلڈ پر حملوں میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ اس سے قبل سعودی اتحادی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ حوثیوں کے ریاض ائیر پورٹ پر اکتوبر کے دوران 20 حملوں کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے آج صبح اعلان کیا کہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
التحالف:
الدفاع الجوي اعترض ودمر صاروخ باليستي أطلقته الميليشيا الحوثية باتجاه الرياض. https://t.co/PzRExEmYbM
— المتحدث الرسمي باسم قوات التحالف (@CJFCSpox) October 23, 2026
اتحاد نے میزائل کو بیلسٹک میزائل قرار دیا تاہم فوری طور پر کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
میزائل تباہ کیے جانے کے بعد سعودی عرب کے شہری دفاع کے ادارے نے جمعے کی صبح تقریباً 5 بج کر 14 منٹ پر ریاض میں ابتدائی انتباہ جاری کیا۔چند منٹ بعد حکام نے اعلان کیا کہ دارالحکومت میں خطرہ ٹل گیا ہے۔
اس کے بعد جنوبی علاقے نجران میں بھی صبح 6 بج کر 20 منٹ پر ہنگامی انتباہ جاری کیا گیا۔ شہری دفاع کے ادارے نے بعد ازاں اعلان کیا کہ وہاں بھی فوری خطرہ ختم ہو گیا ہے۔دونوں علاقوں میں انتباہات نسبتاً مختصر وقت کے بعد واپس لے لیے گئے۔
التحالف:
اعتراض وتدمير صاروخ باليستي أطلقته الميليشيا الحوثية الإرهابية باتجاه نجران. https://t.co/FjkGCGt2IF
— المتحدث الرسمي باسم قوات التحالف (@CJFCSpox) October 22, 2026
2 بین الاقوامی تقریبات 2027 تک ملتوی
دوسری جانب سعودی عرب کے جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے اعلان کیا ہے کہ ریاض میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والی 2 بڑی بین الاقوامی تقریبات ملتوی کر دی گئی ہیں۔ان میں اقوام متحدہ کا ’گلوبل ڈیٹا فورم‘ اور دوسرا ’سعودی شماریاتی فورم‘ شامل ہیں۔ دونوں تقریبات پہلے 9 سے 12 نومبر 2026 تک منعقد ہونا تھیں تاہم اب انہیں 2027 میں منعقد کیا جائے گا۔
سعودی شماریاتی ادارے نے اپنے بیان میں تقریبات ملتوی کرنے کی وجہ نہیں بتائی۔ رائٹرز کی رپورٹ میں بھی ان تقریبات کے التوا کو جمعے کے میزائل واقعے یا سیکیورٹی الرٹس سے جوڑنے کا کوئی سرکاری اشارہ نہیں دیا گیا۔
اقوام متحدہ کے گلوبل ڈیٹا فورم میں حکومتوں، بین الاقوامی تنظیموں، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں اور نجی شعبے کے نمائندے شرکت کرتے ہیں۔ فورم میں ترقی اور پالیسی سازی کے لیے ڈیٹا جمع کرنے، استعمال کرنے اور اس کے انتظام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔دوسرا سعودی شماریاتی فورم بھی اسی موقع پر ریاض میں منعقد ہونا طے پایا تھا۔



