پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد انٹر سٹی بسوں کے کرایوں میں بھی کمی کردی گئی، کراچی سے مختلف شہروں کو جانے والی بسوں کے کرایوں میں 100 سے 500 روپے تک کمی کی گئی ہے تاہم بڑے ٹرانسپورٹرز نے تاحال کرایوں میں کمی نہیں کی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور کراچی سے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں کو جانے والی بعض بسوں کے کرایوں میں کمی کردی گئی ہے۔
نئے کرایوں کے مطابق کراچی سے اسلام آباد کا کرایہ 500 روپے کمی کے بعد 6 ہزار روپے ہوگیا ہے جبکہ لاہور کا کرایہ 6 ہزار سے کم کرکے 5 ہزار 500 روپے مقرر کردیا گیا ہے۔
اسی طرح کراچی سے پشاور کا کرایہ 7 ہزار روپے، فیصل آباد کا 5 ہزار روپے اور ملتان کا کرایہ 4 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اندرون سندھ سفر کرنے والے مسافروں کو بھی کچھ ریلیف دیا گیا ہے، کراچی سے میرپورخاص کا کرایہ 1300 سے کم کرکے 1200 روپے، حیدرآباد کا 800 سے کم کرکے 700 روپے جبکہ بدین کا کرایہ 1500 سے کم کرکے 1400 روپے کردیا گیا ہے۔
مسافروں کا کرایوں میں مزید کمی کا مطالبہ
مسافروں نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کرایوں میں کمی کو خوش آئند قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کرائے اب بھی زیادہ ہیں، حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کرے تاکہ عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچنا چاہیے، کیونکہ ایندھن سستا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بھی کم ہوتے ہیں۔
ایک مسافر نے کہا کہ عوام کو جتنا ریلیف ملے گا، اتنا ہی فائدہ ہوگا، قیمتیں بڑھنے پر کرائے بھی بڑھ جاتے ہیں اور قیمتیں کم ہونے پر کرایوں میں بھی کمی ہونی چاہیے۔
ایک اور مسافر کا کہنا تھا کہ پیٹرول سستا ہوگا تو ٹرمینل انتظامیہ کو بھی لازمی کرائے کم کرنے چاہئیں، ابھی صرف 500 روپے تک کمی کی گئی ہے۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز فوری طور پر کرایوں میں اضافہ کردیتے ہیں، لیکن ڈیزل اور پیٹرول سستا ہونے کے باوجود کرایوں میں اسی تناسب سے کمی نہیں کی جاتی۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ کراچی میں بعض چھوٹے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کی ہے، تاہم بڑی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی جانب سے تاحال پرانے کرائے وصول کیے جا رہے ہیں۔
ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی پر عمل درآمد یقینی بنائے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچ سکے۔
ٹرانسپورٹرز کا مؤقف
دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں مزید کمی نہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی ضرور ہوئی ہے لیکن اس کے ساتھ ٹول ٹیکس اور گاڑیوں کے دیگر اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ کرایوں کا تعین صرف ڈیزل کی قیمت کو سامنے رکھ کر نہیں کیا جاتا بلکہ گاڑیوں کی دیکھ بھال، مرمت، ٹول ٹیکس اور دیگر اخراجات بھی مدنظر رکھنا پڑتے ہیں۔
ایک ٹرانسپورٹر نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی درست ہے لیکن حکومت ایک چیز سستی کرتی ہے تو دوسری طرف ٹول ٹیکس بڑھا دیتی ہے، جس سے ٹرانسپورٹرز کو کوئی خاص ریلیف نہیں ملتا۔
ایک اور ٹرانسپورٹر نے بتایا کہ راولپنڈی کے لیے ان کی سلیپر بس کا کرایہ 12 ہزار روپے ہے، جبکہ مانسہرہ کے لیے 10 ہزار روپے وصول کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے ہی نسبتاً کم کرائے رکھے گئے ہیں اور موجودہ حالات میں گاڑی چلانے سے بچت کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
پشاور میں اندرون صوبہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد تک کمی
ادھر پشاور میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں معمولی کمی کردی گئی ہے، تاہم بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کے کرائے تاحال برقرار ہیں۔
ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق اندرون صوبہ چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد تک کمی کی گئی ہے، جبکہ مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں 30 سے 40 روپے تک کمی کی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پشاور سے اسلام آباد کا کرایہ 850 روپے برقرار ہے، جبکہ پشاور سے لاہور اور کراچی جانے والی بسوں کے کرایوں میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق بین الصوبائی سفر کے اخراجات اور دیگر مالی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے فی الحال کرائے برقرار رکھے گئے ہیں۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت ٹرانسپورٹ کرایوں کی نگرانی کرے اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو کرائے کم کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ مہنگائی سے پریشان عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔



