نئے صوبوں کے معاملے پر قائد (ن) لیگ نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ طویل عرصے سے سیاسی اور آئینی بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ مختلف ادوار میں جنوبی پنجاب، بہاولپور اور ہزارہ کو الگ صوبے بنانے کے مطالبات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم سیاسی اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث یہ مطالبات تاحال عملی شکل اختیار نہیں کر سکے۔
موجودہ سیاسی صورتحال میں مسلم لیگ (ن) کا مجوزہ اجلاس غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے، جس میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق پارٹی کے مؤقف، آئندہ سیاسی حکمت عملی اور اس حوالے سے پارلیمانی و آئینی پیشرفت پر غور متوقع ہے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیانات نے بھی سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس کے تناظر میں صوبوں کے معاملے پر حکومتی اور سیاسی قیادت کے مؤقف کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مشاورتی اجلاس رواں ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے ، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز، اسحاق ڈار اور پارٹی کے دیگر رہنما شریک ہوں گے۔
اس حوالے سے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت وہی فیصلہ کرے گی جو ملکی اور عوامی مفاد میں ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ ایک صوبہ ریاست پر حملہ آور ہو جائے، اللہ کا شکر ہے کہ خیبر پختونخوا میں جو وسائل لڑائی کیلیے اور ریاست پر حملہ آور ہونے کیلیے اسعتمال ہوتے تھے اب وہ عوام کی بھلائی کیلیے استعمال ہوتے ہیں۔
خیال رہے 2012 میں قومی اسمبلی نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حق میں قرارداد منظور کی تھی، جبکہ پنجاب اسمبلی نے بھی جنوبی پنجاب کو نیا صوبہ بنانے اور بہاولپور کی سابقہ صوبائی حیثیت بحال کرنے کیلیے الگ الگ قراردادیں منظور کی تھیں۔
مسلم لیگ (ن) نے جنوری 2019 میں قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب اور بہاولپور کو الگ صوبے بنانے کیلیے آئینی ترمیمی بل پیش کیا، تاہم مطلوبہ سیاسی حمایت اور آئینی تقاضے پورے نہ ہونے کے باعث یہ معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔



