مملک میں نئے صوبوں کے قیام، سندھ کی انتظامی تقسیم اور کراچی کو وفاقی انتظامی کنٹرول میں دینے کی تجویز پر سیاسی بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔ وفاقی وزیر صحت اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کراچی کو وفاقی انتظامی کنٹرول میں دینے کی کسی بھی کوشش کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی، دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے صوبے کی علاقائی وحدت اور آئینی خودمختاری کے تحفظ پر زور دیا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نوجوانوں کے ایک کنونشن اور نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں پشتون قبائل موومنٹ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے، ان کا کہنا تھا کہ آبادی میں تیزی سے اضافے اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی نے ملک کے انتظامی اور معاشی نظام کو مفلوج کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے مختلف علاقوں کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، ایم کیو ایم ہر صورت نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد جاری رکھے گی کیونکہ یہ آنے والی نسلوں کے مستقبل اور بقا کا معاملہ ہے۔
مصطفیٰ کمال نے دسمبر کو اس معاملے کے حوالے سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ سے قبل نئے صوبوں کے قیام کی جانب پیش رفت ہونی چاہیے، مزید تاخیر آنے والی نسلوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر نئے صوبوں کے قیام پر سرکاری سطح پر بات چیت نہ ہو رہی ہوتی تو اب تک کوئی نہ کوئی قوت اس عمل کو روکنے کے لیے مداخلت کر چکی ہوتی، ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کرانے کی منظوری حاصل کر سکتے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے پاکستان تحریک انصاف سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ کسی پیشگی شرط کے بغیر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پی ٹی آئی کو ریاست کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنانے کا موقع مل سکتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا کہ سندھ میں گزشتہ 16 برس سے حکومت کرنے والی جماعت نے جعلی ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے محروم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو ماضی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے اثرورسوخ سے آزاد کرایا گیا، اب ملک کے تمام محروم طبقات کو ان کے حقوق دلانا اگلا مرحلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھمکیوں کے ذریعے انہیں خوف زدہ نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ان کی موجودگی میں کوئی لسانی فسادات کرا سکتا ہے۔ تمام زبانیں بولنے والی برادریوں کے جان و مال اور عزت کا تحفظ ان کی جماعت کی ذمہ داری ہے، اس موقع پر پشتون قبائل موومنٹ نے بھی نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔
پیپلز پارٹی کا ردعمل
مصطفیٰ کمال کے بیان پر سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کو تقسیم کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو پہلے اپنے لیے سیاسی میدان تلاش کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت کے فوائد حاصل کرتے ہوئے صوبوں کی تقسیم کی تجاویز دینا پرانی سیاست ہے جو اب نہیں چلے گی، سعدیہ جاوید نے مصطفیٰ کمال کے سابقہ سیاسی بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے ایم کیو ایم کے ماضی پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ کراچی کے عوام ماضی کے واقعات اور الزامات کو نہیں بھولے۔
سندھ حکومت کی ترجمان نے جعلی ڈومیسائل کے الزامات مسترد کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کو سندھ میں میرٹ پر دی جانے والی سرکاری ملازمتوں کا ریکارڈ دیکھنے کا مشورہ دیا، ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ دراصل سیاسی طور پر اپنی کھوئی ہوئی حیثیت بحال کرنے کی کوشش ہے۔
سعدیہ جاوید نے واضح کیا کہ سندھ کی علاقائی سالمیت کے حوالے سے سندھ اسمبلی کا فیصلہ حتمی ہے اور لسانی سیاست کے ذریعے صوبے کا امن خراب کرنے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سندھ اسمبلی ستمبر میں اکثریتی ووٹ کے ذریعے ایک قرارداد منظور کر چکی ہے جس میں سندھ میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کی گئی تھی۔
بلاول بھٹو کا سیاسی ری سیٹ پر مؤقف
نئے صوبوں اور نظام کی تشکیلِ نو سے متعلق بحث اس وقت مزید شدت اختیار کر گئی جب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں مجوزہ نظام کی تبدیلی پر سوالات اٹھائے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ نظام کو تبدیل یا ری سیٹ کرنا ہے تو پہلے ان وجوہات کا جائزہ لینا ہوگا جن کے باعث ان کے بقول موجودہ نظام ناکام ہوا۔ انہوں نے اپنی ذمہ داری تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں اور ان سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کے اداروں، پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور میڈیا پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق نظام میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کسی غیر سیاسی مداخلت کے بجائے سیاسی عمل کے ذریعے ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر نظام کو ری سیٹ کرنا ہے تو یہ سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے اور منتخب نمائندوں کو ملک کے بنیادی مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے اپنے ایک انٹرویو میں مجوزہ سیاسی ری سیٹ پر سوال اٹھانے کے اپنے حق کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے نظامِ حکمرانی میں ایک اہم فریق ہیں اور اصلاحات کے معاملے پر انہیں بھی بات کرنے کا حق حاصل ہے۔
محسن نقوی کی ریفرنڈم کی تجویز
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر عوام کی خواہش نئے صوبوں کے قیام کی ہے تو کوئی فرد یا سیاسی جماعت اسے روک نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے انتظامی ڈھانچے کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے اور سیاسی جماعتوں کو اس معاملے پر گفتگو جاری رکھنی چاہیے تاکہ بہتر تجاویز سامنے آ سکیں۔ محسن نقوی نے ریاست کو ایک ایسی کمپنی سے تشبیہ دی جس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ کو مل بیٹھ کر خامیوں کی نشاندہی کرنا ہوگی۔
وزیر داخلہ کی جانب سے ریفرنڈم کی تجویز کے بعد یہ بحث مزید آگے بڑھی جبکہ مصطفیٰ کمال نے بھی وزیراعظم سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر اس معاملے پر ریفرنڈم کی منظوری لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
رضا ربانی کا آئینی مؤقف، ریفرنڈم کو متبادل قرار دینے سے انکار
نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی بحث کے دوران سینیٹ کے سابق چیئرمین اور پیپلز پارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی نے بھی 22 نومبر کو جاری اپنے پریس ریلیز میں اہم آئینی مؤقف اختیار کیا ہے۔
رضا ربانی نے ریفرنڈم کے معاملے پر وزراء کے ایک مخصوص گروہ کے طرزِ عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 239(4) میں درج کسی صوبے کی علاقائی حدود تبدیل کرنے کے طریقہ کار کا متبادل نہیں بن سکتا اور نہ ہی اس آئینی طریقہ کار کو غیر مؤثر کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے نتائج اپنے حق میں آنے کی صورت میں انہیں عدالت میں لے جانے کا بیانیہ پارلیمان کی خودمختاری اور صوبائی اسمبلی کے آئینی اختیارات کو محدود کرنے کے مترادف ہوگا۔
سابق چیئرمین سینیٹ کے مطابق کوئی عدالت آئین میں ایسی تشریح شامل نہیں کر سکتی جو اس میں پہلے سے موجود نہ ہو اور نہ ہی آئین کو ازسرنو تحریر کر سکتی ہے۔
رضا ربانی نے واضح کیا کہ اگر کوئی عدالت ایسا کرتی ہے تو اس سے صوبائی اسمبلی کے اس آئینی حق کو نقصان پہنچے گا جو اسے اپنی علاقائی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر رائے دینے کے لیے حاصل ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی مداخلت آئینِ پاکستان 1973 کے بنیادی اصول میں تبدیلی کے مترادف ہوگی۔
انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر سوال اٹھایا کہ کیا ہمارا موجودہ نظام آئین سے اس نوعیت کے انحراف کا متحمل ہو سکتا ہے؟
آئینی تقاضا کیا ہے؟
آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 239(4) کے مطابق اگر کسی آئینی ترمیم کے نتیجے میں کسی صوبے کی علاقائی حدود تبدیل ہوتی ہیں تو متعلقہ صوبائی اسمبلی کے کل ارکان کی کم از کم دو تہائی اکثریت سے اس ترمیم کی منظوری لازمی ہے۔ اس منظوری کے بغیر ایسی آئینی ترمیم صدرِ مملکت کے پاس منظوری کے لیے پیش نہیں کی جا سکتی۔
یوں نئے صوبوں کے قیام، کراچی کے انتظامی مستقبل اور ریفرنڈم کی تجویز نے ملک میں ایک اہم سیاسی اور آئینی بحث کو جنم دے دیا ہے، جس میں ایک جانب ایم کیو ایم نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی تبدیلیوں پر اصرار کر رہی ہے تو دوسری جانب پیپلز پارٹی سندھ کی علاقائی وحدت اور صوبائی خودمختاری کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دے رہی ہے۔



