ایران کی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک اور امریکی ایم کیو ون سی ای آر ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ جس کے بعد ایران کی جانب سے گرائے گئے امریکی ڈرونز کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔
فروری میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد تہران نے جوابی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اسرائیل کے علاوہ خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور بعض شہری و صنعتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔ ان حملوں سے بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب سمیت خطے کے مختلف ممالک متاثر ہوئے۔
ایرانی نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ چوتھا امریکی ڈرون ہے جسے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
🔴 IRGC announced that it shot down the 20th US MQ-1C ER drone in eastern Strait of Hormuz, the fourth such drone downed in 24 hours.
Follow: https://t.co/oa9JV4iSOo https://t.co/ei0M1sXLyu
— Press TV 🔻 (@PressTV) November 22, 2026
ایرانی فوج نے گزشتہ روز امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو میزائل سے نشانہ بنانے اور اسے نقصان پہنچانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملے کے باعث امریکی طیارے کو مشن ادھورا چھوڑ کر قریبی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ امریکی سینٹکام نے اس دعوے کی تردید کی تھی۔
علاوہ ازیں پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے بحرین میں امریکی فوجی ٹھکانوں کو میزائلوں اور ڈرونز کے مشترکہ حملے میں نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی امریکی فوجی ڈرونز کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔
خیال رہے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں اپریل میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی تھی، جبکہ جون میں دونوں ممالک کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا تھا۔ مفاہمتی عمل میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے، ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں میں نرمی، منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور جوہری پروگرام سے متعلق اختلافات کے حل جیسے اہم امور شامل تھے۔ تاہم معاہدے کی شرائط پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات برقرار رہے اور سفارتی مذاکرات کسی حتمی امن معاہدے تک نہ پہنچ سکے۔
اگست 2026 میں مفاہمتی یادداشت کی مدت ختم ہونے اور اس میں توسیع سے متعلق اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے لگی، جس کے نتیجے میں فوجی کارروائیوں، ڈرون حملوں اور خلیجی ممالک میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ اس صورتحال نے پورے خلیجی خطے کے امن و استحکام اور عالمی توانائی کی ترسیل کو بھی خطرات سے دوچار کر دیا۔



