مولانا نذرالرحمٰن کے انتقال کے بعد رائیونڈ مرکز کے اکابرین نے مولانا احمد بٹلہ کو تبلیغی جماعت پاکستان کا نیا امیر مقرر کردیا۔ وہ طویل عرصے تک نائب امیر رہے اور حاجی محمد عبدالوہاب کی وصیت میں بھی ان کا نام جانشینی کے لیے تجویز کیے گئے3 افراد میں شامل تھا۔
تبلیغی جماعت پاکستان کے سابق امیر مولانا نذرالرحمٰن 16 نومبر 2026 کو 97 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ نومبر 2018 میں حاجی محمد عبدالوہاب کے بعد چوتھے امیر مقرر ہوئے تھے اور تقریباً 8 برس اس منصب پر فائز رہے۔
مولانا احمد بٹلہ کون ہیں؟
مولانا احمد بٹلہ کا تعلق رائیونڈ مرکز سے ہے۔ وہ تبلیغی جماعت کی عالمی شوریٰ کے رکن اور مرکز کے سینئر بزرگوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کئی برس تک تبلیغی جماعت پاکستان کے نائب امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
علمی اعتبار سے انہیں شیخ الحدیث کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ ان کے بیانات میں سادگی، اصلاح اور دین کی دعوت پر زور نمایاں رہتا ہے۔
مولانا احمد بٹلہ کا نام تبلیغی جماعت کی قیادت کے لیے پہلے بھی سامنے آچکا تھا۔ نومبر 2018 میں تیسرے امیر حاجی محمد عبدالوہاب کے انتقال کے بعد ان کی 17 ستمبر 2015 کی وصیت میں جانشینی کے لیے 3 نام تجویز کیے گئے تھے۔ان ناموں میں مولانا نذرالرحمٰن، مولانا احمد بٹلہ اور مولانا عبیداللہ خورشید شامل تھے۔
حاجی محمد عبدالوہاب کے انتقال کے بعد مشاورت کے نتیجے میں مولانا نذرالرحمٰن کو امیر مقرر کیا گیا تھا جبکہ مولانا احمد بٹلہ نے نائب امیر کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
رائیونڈ کے عالمی تبلیغی اجتماع 2026 میں انہوں نے پہلا افتتاحی بیانِ عصر بھی کیا تھا۔ اس موقع پر ان کے بیان کا مرکزی موضوع توبہ تھا۔ انہوں نے لوگوں کو توبہ کی طرف بلاتے ہوئے کہا تھا کہ توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔
