ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ جوہری مواد کے معاملے پر منصفانہ حل اب بھی ممکن ہے، تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ ایران ایسا معاہدہ چاہتا ہے جس سے مستقبل میں جنگ کا راستہ بند ہو۔
امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری سے ایران پر حملوں کا آغاز کیا تھا جس کے بعد تہران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ اس جنگ نے مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کیا.بحری تجارت متاثر ہوئی اور عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کے سرکاری اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے عباس عراقچی نے بتایا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ ان کے مطابق ایران ایسا معاہدہ چاہتا ہے جس سے اس بات کی ضمانت ملے کہ مستقبل میں دوبارہ جنگ نہیں ہوگی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران کسی بھی پیش رفت سے پہلے یہ یقین دہانی چاہتا ہے کہ واشنگٹن مذاکرات کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔ایران نے ثالثوں کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات کی نوعیت اور طریقہ کار پر بھی بات چیت کی ہے۔
عباس عراقچی کا مزید کہنا تھا کہ جوہری مواد کے معاملے پر منصفانہ حل اب بھی ممکن ہے۔
انتہائی افزودہ یورینیم پر کیا حل زیر غور ہے؟
واضح رہے ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات کی ایک بڑی وجہ ایران کا جوہری پروگرام اور انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخیرے کا معاملہ ہے۔
ایرانی حکام اس تنازع کے حل کے لیے پہلے بھی قابل عمل تجاویز کا ذکر کرچکے ہیں۔ ان میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخیرے کی افزودگی کم کرنا بھی شامل ہے۔
آئی اے ای اے کے اندازے کے مطابق جون 2025 میں اسرائیل اور امریکا کے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کے وقت ایران کے پاس 60 فیصد تک افزودہ 440.9 کلوگرام یورینیم موجود تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ حملوں کے بعد اس ذخیرے کا کتنا حصہ باقی بچا ہے۔
عراقچی نے کہا کہ جوہری مواد کے معاملے پر ایسا منصفانہ حل نکالا جاسکتا ہے جو ایران کے قومی مفادات اور ملک کی ضروریات دونوں کو مدنظر رکھے۔
ٹرمپ کا مؤقف
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن وہ ایسا معاہدہ نہیں چاہتا جو ان کے لیے قابل قبول ہو۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں جنگ کے خاتمے کے لیے مختلف ممالک کی جانب سے سفارتی رابطے جاری ہیں۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق قطری اور ایرانی حکام نے منگل کو ملاقات کی تھی جس کا مقصد دونوں فریقوں کے مؤقف میں فاصلے کم کرنا اور پیش کردہ تجاویز کے درمیان اختلافات کو دور کرنا تھا۔



