وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے دہلی میں بھارتی میڈیا کے بیانیے کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی مکالمہ ہمیشہ دو الگ اور جداگانہ شناخت رکھنے والی قوموں کے درمیان ہوتا ہے، جبکہ یکسانیت یا ایک جیسی شناخت کے تصور میں مکالمے کے بجائے یک طرفہ مؤقف سامنے آتا ہے۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم کا افتتاح ہوگیا، تین روزہ فورم 20 سے 22 نومبر 2026 تک تاریخی مقام پرانا قلعہ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے فورم کا افتتاح کیا، پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کر رہے ہیں۔
اس وقت بھارتی میڈیا کی ساری توجہ ایس سی او کے بجائے مصدق ملک پر ہے اور ان سے مشترکہ تہذیبی روابط سمیت سرحد پار دہشت گردی سے متعلق بھی سوال کیے گئے جن کا جواب انہوں نے بھرپور طریقے سے دیا۔
یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کی جانب سے گزشتہ 3 سالوں سے زائد عرصے میں بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے قبل مئی 2023 میں اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھارت میں منعقدہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کی تھی، ان کا یہ دورہ بھی کسی پاکستانی وزیر خارجہ کی جانب سے 11 سال بعد کیا گیا تھا۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دو الگ خودمختار ریاستیں اور جداگانہ قومی شناخت رکھنے والے ممالک ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان بامعنی مذاکرات کے لیے ایک دوسرے کی الگ شناخت اور خودمختاری کو تسلیم کرنا ضروری ہے کیونکہ جب دو مختلف فریق اپنی الگ شناخت کے ساتھ گفتگو کرتے ہیں تو حقیقی مکالمہ جنم لیتا ہے۔
Federal Minister Dr Musadik Malik attended the opening of the first SCO Civilisational Dialogue Forum at Purana Qila, #NewDelhi. https://t.co/RfXpURN8ZM
— Senator Musadik Office (@Team_Musadik) November 20, 2026
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق مسعود ملک نے بھارت اور پاکستان کے درمیان مشترکہ تہذیبی روابط سے متعلق سوال پر کہا ہے کہ مکالمہ ہمیشہ الگ اور مختلف شناخت رکھنے والی اکائیوں کے درمیان ہوتا ہے، یکسانیت کے تصور میں مکالمے کی ضرورت نہیں بلکہ صرف یک طرفہ گفتگو ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت، پاکستان، روس، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تاریخی روابط اور مکالمے کی جڑیں بہت گہری ہیں۔
وفاقی وزیر نے آثار قدیمہ کی کھدائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان خطوں کی تاریخ میں باہمی روابط اور تہذیبی مکالمے کے شواہد نمایاں طور پر ملتے ہیں، انہوں نے اس مکالمے کو خوش آئند قرار دیا۔
سرحد پار دہشت گردی سے متعلق سوال پر کیا کہا؟
بھارتی صحافی نے مصدق ملک سے سرحد پار دہشت گردی سے متعلق بھارت کے تحفظات پر بھی سوال کیا، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ اگلے روز اپنا بیان دیں گے اور اس کے بعد اس معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
مصدق ملک کے بیان کا بنیادی نکتہ یہ تھا کہ مشترکہ تاریخ اور تہذیبی روابط کا اعتراف اپنی جگہ لیکن مکالمے کے لیے فریقین کی الگ شناخت اور انفرادیت کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔
ان کے مطابق تنوع ہی بامعنی مکالمے کی بنیاد ہے اور مختلف قوموں کے درمیان باہمی احترام اور گفتگو خطے میں بہتر تعلقات کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
*مصدق ملک کا دو ٹوک جواب اور بھارتی بیانیے کی ناکامی*
بھارتی میڈیا جب مشترکہ تہذیبی روابط کی آڑ میں مکالمے کا جال بُننے آیا تو مصدق ملک نے ایک ہی فکری ضرب سے اس کا فریب بے نقاب کر دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مکالمہ ہمیشہ الگ اور ممتاز شناختوں کے درمیان ہوتا ہے، جبکہ یک رنگی یا یکسانیت میں صرف یک طرفہ صدا (مونولوگ) گونجتی ہے، جہاں حقیقی مکالمے کی گنجائش ہی نہیں رہتی۔
اسی منطق سے یہ بات مزید نکھر کر سامنے آتی ہے کہ پاکستان اور بھارت دو جداگانہ اور خودمختار شناختیں ہیں، جس نے ایک بار پھر دوقومی نظریے کی حقانیت پر مہر ثبت کر دی۔
جب دو الگ قوموں اور جداگانہ تہذیبی شناختوں کی حقیقت تسلیم کر لی جائے تو بھارت کا "اکھنڈ بھارت" اور ہندوتوا بالادستی کا بیانیہ خودبخود بے نقاب اور کمزور پڑ جاتا ہے۔
یہ بیانیہ دراصل ایک خودمختار اور نظریاتی پاکستان کے وجود سے پیدا ہونے والے خوف اور خطے پر غلبے کی خواہش کا عکاس ہے، نہ کہ کسی مشترکہ یکسانیت کا۔
تاریخ اور فکر کے حوالے بھی اسی حقیقت کی تائید کرتے ہیں کہ برصغیر میں الگ تشخص کا شعور کوئی نئی بات نہیں؛
سر سید احمد خان نے انیسویں صدی میں دو جداگانہ قوموں کے معاشرتی و تاریخی فرق کی نشان دہی کی
قائداعظم محمد علی جناحؒ نے مسلمانوں کو مذہب، فلسفے، اقدار اور تاریخ کے لحاظ سے ایک مستقل قوم قرار دیا۔
اسی طرح اسٹینلے وولپرٹ (Stanley Wolpert) جیسے مؤرخین کا تجزیہ بھی یہی دکھاتا ہے کہ قائداعظم کی قیادت نے برصغیر کی سیاست اور عالمی نقشے کو نئی سمت دے کر یہ ثابت کیا کہ خطہ محض ایک یک رنگی اکائی نہیں تھا۔
جبکہ خطے کے تجزیہ کاروں اور ماہرین (جیسے ادایان داس (Udayan Das) اور دیگر جنوبی ایشیائی مبصرین) کے مطابق "اکھنڈ بھارت" جیسے تصورات ہمسایہ ریاستوں کی خودمختاری کے لیے خدشات پیدا کرتے ہیں اور اندرونی سیاسی بیانیے کو ہوا دینے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
— Siddeeq Sajid (@S_SajidOfficial) November 20, 2026
انہوں نے اپنے مؤقف کے ذریعے دو قومی نظریے کی تاریخی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی جداگانہ مذہبی، تہذیبی، سماجی اور تاریخی شناخت کوئی نئی بات نہیں بلکہ اس کی بنیادیں تاریخ میں موجود ہیں۔
دو قومی نظریے کا تاریخی پس منظر
اس حوالے سے سرسید احمد خان کی فکری جدوجہد کا حوالہ بھی دیا گیا، جنہوں نے انیسویں صدی میں برصغیر کے مسلمانوں اور ہندوؤں کے جداگانہ سماجی اور تاریخی تشخص کی نشاندہی کی تھی۔
قائداعظم محمد علی جناح نے بھی مسلمانوں کو مذہب، فلسفے، معاشرتی اقدار، تہذیب اور تاریخ کے اعتبار سے ایک الگ قوم قرار دیا تھا، جس کی بنیاد پر تحریک پاکستان نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی جدوجہد کی۔
معروف مؤرخ اسٹینلے وولپرٹ کی تاریخی تحریروں میں بھی قائداعظم کی سیاسی قیادت اور برصغیر کی تقسیم کے تاریخی کردار کا جائزہ لیا گیا ہے۔
مصدق ملک کے مؤقف کے مطابق اکھنڈ بھارت کا تصور اور ہندوتوا کی بالادستی کا بیانیہ خطے کی خودمختار ریاستوں کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط کو فروغ دینا اور باہمی افہام و تفہیم کے مواقع پیدا کرنا ہے۔



