پنجاب حکومت نے تعلیمی بورڈز کے امتحانات میں آن اسکرین مارکنگ (او ایس ایم) کا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت طالبعلم، پیپرز لینے والے نگران، اور پیپرز چیک کرنے والے ممتحن کی شناخت چہرے کی شناخت کے جدید سسٹم سے کی جائے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ایکس پر اس سسٹم کے عملی مظاہرے کی ویڈیو شیئر کی جس کے تحت طلبہ کی جوابی کاپیاں اسکین کرکے آن لائن چیک کی جائیں گی۔ وزیر کے مطابق کہ اس اقدام کا مقصد پنجاب کے امتحانی سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
نئے سسٹم کے تحت طلبہ کی جوابی کاپیاں جدید اسکینرز کے ذریعے ڈیجیٹل شکل میں تبدیل کی جائیں گی جس کے بعد ممتحن انہیں آن لائن ڈیش بورڈ پر دیکھ کر چیک کر سکیں گے۔
بہاولپور بورڈ کے سسٹم کے عملی مظاہرے میں جوابی کاپیوں کے ایک مجموعے کو تیز رفتار اسکینر میں ڈالا گیا جس کے بعد ان کے صفحات فوری طور پر ڈیش بورڈ پر ظاہر ہوگئے۔
پنجاب کے امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے On-Screen Marking (OSM) کا ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت طلبہ کی امتحانی کاپیوں کو جدید اسکینرز کے ذریعے ڈیجیٹل شکل میں منتقل کرکے Real-Time Dashboard پر آن لائن چیکنگ کی جاتی ہے۔ Facial Recognition ٹیکنالوجی کے ذریعے ممتحن کی شناخت یقینی بنائی جاتی ہے، جبکہ ایک سے زائد چہروں یا غیر متعلقہ شخص کی موجودگی پر سسٹم خودکار طور پر لاک ہو جاتا ہے۔ AI ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے امتحانی عمل کو مزید شفاف، محفوظ اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ یہ اقدام پنجاب کے تعلیمی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور شفافیت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
— Rana Sikandar Hayat (@RanaSikandarH) November 22, 2026
پیپرز چیک کرنے سے پہلے ممتحن کو چہرے کی شناخت کے ذریعے اپنی شناخت کی تصدیق کرنا ہوگی تاکہ صرف رجسٹرڈ ممتحن ہی پرچے چیک کر سکے۔
سسٹم میں ایک وقت میں صرف ایک ہی چہرے کی شناخت ہونے پر رسائی دی جائے گی جبکہ کیمرے کے سامنے بیک وقت 2 چہرے آنے کی صورت میں سسٹم لاک ہوجائے گا۔
ڈیش بورڈ پر پیپرز کی چیکنگ کی پیش رفت بھی حقیقی وقت میں دیکھی جاسکے گی جبکہ ممتحن کی جانب سے نمبروں کی جانچ کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے معاونت حاصل کرنے کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اس سسٹم کے تحت پیپرز دینے والے طالبعلموں کی شناخت بھی چہرے کی شناخت کے جدید سسٹم کے ذریعے کی جائیگی تاکہ متعلقہ اسٹوڈنٹ کی جگہ کوئی اور امتحان میں نہ بیٹھ سکے۔ وفاقی وزیر نے اس سسٹم کا بھی عملی مظاہرہ کر کے دکھایا جس میں ایک اسٹوڈنٹ کی رول نمبر سلپ میں اس کی تصویر تبدیل کر کے کسی اور شخص کی تصویر چسپاں کی گئی تھی۔ جب رول نمبر سلپ پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کیا گیا تو اس نے متعلقہ اسٹوڈنٹ کی اصل تصویر دکھاتے ہوئے رول نمبر سلپ میں رد و بدل کی نشاندہی کر دی۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے On-Screen Marking (OSM) کی Mock Exercise کا دورہ کیا اور جدید ڈیجیٹل امتحانی نظام کا عملی جائزہ لیا۔ Facial Recognition کے ذریعے طلبہ کی اصل شناخت، جبکہ QR Code اور ڈیجیٹل ریکارڈ کے ذریعے امتحانی عمل کی نگرانی یقینی بنائی گئی ہے۔ جعل سازی یا کسی دوسرے امیدوار کی جگہ امتحان دینے کی کوشش پر فوری UMC درج کرنے اور Answer Sheet اسکین کرنے کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ تمام کارروائی Real-Time Dashboard پر ریکارڈ ہوتی ہے۔ یہ اقدام نقل اور امتحانی بے ضابطگیوں کے خاتمے اور شفاف امتحانی نظام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
— Rana Sikandar Hayat (@RanaSikandarH) November 22, 2026
یہ پیش رفت پنجاب کے تعلیمی بورڈز کی جانب سے امتحانی سسٹم میں اصلاحات کے سلسلے کا حصہ ہے۔ رواں ماہ صوبے کے 9 تعلیمی بورڈز کے سربراہان نے آئندہ سال سائنس کے 4 مضامین کے امتحانات ای شیٹس پر لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
نئے سسٹم میں طلبہ بدستور اپنے جوابات کاغذ پر ہی لکھیں گے تاہم چیکنگ اور مارکنگ کے لیے جوابی کاپیوں کو اسکین کرکے ڈیجیٹل شکل میں ممتحن کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق اس سسٹم کا مقصد پیپرز کی چیکنگ میں غلطیوں کو کم کرنا، مارکس کے تعین میں یکسانیت لانا اور امتحانی عمل کو زیادہ شفاف بنانا ہے۔
