ایران نے بحرین کو دوبارہ حملوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ایک شہری صنعتی تنصیب میں آگ لگ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے امریکی فوجی اڈوں الرفاع اور عوالی کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ کے مطابق ایرانی حملے کے نتیجے میں ایک شہری صنعتی تنصیب متاثر ہوئی جہاں آگ لگ گئی۔ واقعے میں کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی جبکہ شہری دفاع کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی میں مصروف رہیں۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ایرانی حملے کے بعد صنعتی تنصیب میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔
وزارت نے تاہم متاثرہ مقام اور صنعتی تنصیب کی نوعیت سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
اس سے قبل بحرین کی وزارت داخلہ نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی تھی۔ ابتدائی الرٹ میں خطرے کی نوعیت واضح نہیں کی گئی تھی۔
بعد ازاں وزارت داخلہ نے خطرہ ٹلنے کا اعلان کرتے ہوئے الرٹ ختم کردیا تاہم کچھ دیر بعد ایک اور حفاظتی انتباہ جاری کیا گیا۔
بحرین کی دفاعی فورس کے مطابق ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے کیے گئے متعدد فضائی حملوں کو فضا میں ہی ناکام بنا دیا۔
دفاعی فورس کا کہنا تھا کہ حملوں کو ناکام بنانے کے دوران گرنے والے ملبے سے املاک کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بحرینی دفاعی فورس نے تہران پر الزام عائد کیا کہ وہ مملکت کے خلاف اپنے منظم دشمنانہ طرز عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاسداران انقلاب کا امریکی فوجی اڈوں پر حملے کا دعویٰ
دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورسز نے بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے ذریعے جاری بیان میں پاسداران انقلاب نے بتایا کہ الرفاع اور عوالی کے فوجی اڈوں پر مشترکہ میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
بیان کے مطابق یہ کارروائی ایران کے خلاف جاری جارحیت اور اس کی فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے پاسداران انقلاب کے ان دعوؤں پر تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
خطے میں کشیدگی کا تازہ سلسلہ فروری میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہوا تھا، جس کے بعد خلیجی عرب ممالک بھی اس تنازع کے اثرات کی زد میں آگئے۔
ایران کی جانب سے خطے کے مختلف مقامات پر مسلسل فضائی حملے کیے جاتے رہے ہیں، جبکہ بحرین بھی گزشتہ کئی روز سے متعدد ایرانی فضائی حملوں کو ناکام بنانے کی اطلاعات دے رہا ہے۔
بحرین میں امریکی بحریہ کا پانچواں بیڑا بھی موجود ہے جس کی وجہ سے یہ ملک خطے میں جاری امریکی ایران کشیدگی کے دوران اہم فوجی حیثیت رکھتا ہے۔



