ذاتی تحفظ کے اعتبار سے متحدہ عرب امارات نے دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، گیلپ کی گلوبل سیفٹی رپورٹ 2026 کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سنگاپور 96 فیصد شرح کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 96 فیصد شہریوں اور رہائشیوں نے کہا کہ وہ رات کے وقت اپنے علاقے میں تنہا پیدل چلنے کو محفوظ سمجھتے ہیں، اماراتی شہریوں میں یہ شرح 98 فیصد جبکہ غیر ملکی رہائشیوں میں 96 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ مردوں اور خواتین دونوں میں بھی تحفظ کا احساس 96 فیصد رہا۔
گیلپ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے 2020 کے بعد پہلی مرتبہ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، 2024 کے مقابلے میں ملک کی شرح میں 6 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جو عوامی تحفظ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ میں سعودی عرب 95 فیصد کے ساتھ تیسرے، تاجکستان اور کویت 93 فیصد کے ساتھ چوتھے اور بحرین 92 فیصد کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔ ہانگ کانگ، ایل سلواڈور، سوئٹزرلینڈ اور ناروے بھی 90 فیصد شرح کے ساتھ دنیا کے دس محفوظ ترین ممالک میں شامل ہیں۔
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے چار ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت اور بحرین دنیا کے دس محفوظ ترین ممالک میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔
پاکستان میں صرف 53 فیصد افراد خود کو محفوظ سمجھتے ہیں
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 53 فیصد افراد نے رات کے وقت تنہا پیدل چلنے کو محفوظ قرار دیا۔ اس کے برعکس بھارت میں یہ شرح 71 فیصد ریکارڈ کی گئی، یعنی بھارت میں پاکستان کے مقابلے میں 18 فیصد پوائنٹس زیادہ افراد نے خود کو محفوظ محسوس کیا۔
گیلپ کے قانون اور امن و امان کے انڈیکس میں متحدہ عرب امارات نے 100 میں سے 95 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ عالمی اوسط 80 پوائنٹس رہی۔ اس انڈیکس میں شہریوں کا پولیس پر اعتماد، ذاتی تحفظ اور گزشتہ ایک سال کے دوران چوری، ڈکیتی یا جسمانی تشدد کا تجربہ بھی شامل ہوتا ہے۔
دنیا بھر میں تحفظ کا احساس کم ہوگیا
رپورٹ کے مطابق 2025 میں دنیا بھر کے صرف 69 فیصد افراد نے رات کے وقت تنہا پیدل چلنے کو محفوظ قرار دیا جبکہ 2024 میں یہ شرح 73 فیصد تھی۔ اس طرح عالمی سطح پر تحفظ کے احساس میں چار فیصد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
In 2025, 69% of adults worldwide said they felt safe walking alone at night, down from a record high of 73% in 2024 but still nine percentage points above 2014 levels.
New data: https://t.co/PUiFyVSxNx https://t.co/P6Lv4XgihC
— Gallup (@Gallup) November 18, 2026
گیلپ گلوبل سیفٹی رپورٹ 2026 کے نتائج 140 ممالک اور علاقوں میں 15 سال یا اس سے زائد عمر کے ایک لاکھ 43 ہزار 620 افراد سے 2025 کے دوران کیے گئے سروے پر مبنی ہیں، رپورٹ میں لوگوں سے بنیادی طور پر یہ سوال کیا گیا کہ کیا وہ اپنے رہائشی علاقے میں رات کے وقت تنہا پیدل چلنے کو محفوظ سمجھتے ہیں؟
گیلپ کے مطابق اس سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ قومی خوشحالی، جرائم کی شرح اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد عوام کے ذاتی تحفظ کے احساس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



