خیبر پختونخوا حکومت کو وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کی 10 ارب روپے کی پہلی قسط موصول ہو گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا کیلیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ اس پیکیج کے تحت 70 فیصد فنڈز ضم شدہ قبائلی اضلاع جبکہ 30 فیصد صوبے کے دیگر اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
12 مخصوص اضلاع کیلیے تقریباً 96 ارب 97 کروڑ روپے جبکہ دیگر 25 اضلاع کیلیے 63 ارب 20 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ پیکیج میں امن و امان کے 62 منصوبوں کیلیے 39 ارب 19 کروڑ روپے، صحت کے 41 منصوبوں کیلیے 3 ارب 20 کروڑ اور تعلیم کے 72 منصوبوں کیلیے 12 ارب 90 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز شامل ہے۔
تعلیمی منصوبوں کے تحت باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 70 موجودہ اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن ہو گی، جبکہ 409 تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر بلور نے فنڈز کی فراہمی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے صوبے کیلیے 10 ارب روپے جاری ہونا خوش آئند ہے، اس سے ترقیاتی منصوبوں پر کام آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز عوامی فلاح، بنیادی سہولیات کی بہتری اور عوامی ضرورت کے منصوبوں پر خرچ کیے جانے چاہئیں۔ منصوبوں میں شفافیت اور ان پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کو اس پیکیج کے ثمرات عملی طور پر نظر آ سکیں۔
ثمر بلور نے مزید کہا کہ ترقیاتی پیکیج کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں سڑکوں، تعلیم، صحت، پانی کی فراہمی اور امن و امان سے متعلق منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔


