ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 میں عالمی حدت پر قابو پانے کے لیے نئے معاہدے کا مسودہ پیش کردیا گیا ہے جبکہ آسٹریلیا اور ترکیہ کو توقع ہے کہ تقریباً 200 ممالک اس پر اتفاق کرلیں گے۔
رواں سال ہونے والی کوپ کانفرنس پہلی ایسی عالمی ماحولیاتی کانفرنس ہے جس سے قبل اقوام متحدہ کے ماحولیاتی ادارے نے تصدیق کی ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد سے تجاوز کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ دنیا کے تمام ممالک نے ایک دہائی سے زائد عرصہ قبل اس حد کو عبور نہ کرنے کی کوشش پر اتفاق کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں اس حد سے زیادہ اضافہ ہونے کی صورت میں شدید موسمیاتی واقعات اور ان کے تباہ کن اثرات میں مزید شدت آنے کا خدشہ ہے۔
کانفرنس کی صدارت کرنے والے ترکیہ کے وزیر ماحولیات مرات کوروم نے آج اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ایسا مسودہ پیش کیا گیا ہے جس پر تمام فریق اتفاق کرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ معاہدے کی منظوری کے لیے اجلاس آج دوبارہ طلب کیا جائے گا۔
مرات کوروم کے مطابق نئے معاہدے میں فوسل فیول سے متعلق تحفظات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو مالی معاونت فراہم کرنے کے معاملات کو بھی حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
COP31 President Murat Kurum called on Parties to turn words into decisions and decisions into action.
At the #COP31 Closing Plenary, he underlined the importance of finding common ground, building consensus and delivering a tangible outcome for the world through the Antalya Accord.
@murat_kurum
#COP31Türkiye #COP31Antalya
— COP31 Türkiye (@turkiyecop31) November 20, 2026
اس سے قبل معاہدے کے ابتدائی مسودے کو بعض ممالک کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ اس میں فوسل فیول کے استعمال کو ختم کرنے سے متعلق کوئی حوالہ شامل نہیں تھا۔
نئے مسودے میں سابقہ تجاویز کو مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ مختلف ممالک کے تحفظات دور کرتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔
نئے معاہدے کی تیاری میں آسٹریلیا اور ترکیہ نے اہم کردار ادا کیا جبکہ دنیا کے امیر، غریب، بڑے اور چھوٹے ممالک کے تقریباً 200 وفود کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی گئی۔
آسٹریلیا مذاکرات کی قیادت کررہا ہے جبکہ ترکیہ کانفرنس کی میزبانی اور صدارت کے فرائض انجام دے رہا ہے۔
معاہدے کے مسودے پر اعتراضات جمع کرانے کے لیے وفود کو آج صبح 3 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا جبکہ منظوری کا عمل شروع کرنے کے لیے صبح 6 بجے اجلاس مقرر کیا گیا۔
آسٹریلیا اور ترکیہ کے سامنے سب سے بڑا چیلنج ایسے معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کرنا تھا جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی ضروریات اور فوسل فیول کی پیداوار یا استعمال پر انحصار کرنے والی معیشتوں کے مفادات میں توازن قائم کرسکے۔
