وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کیوں نہیں ہو سکے ، اس کے کچھ حقائق کچھ دیر بعد وزیر داخلہ سب کے سامنے رکھیں گے، خیبر پختونخوا حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے بجائے سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بھی احتجاج کی تاریخ وہی رکھی تھی جو پی ٹی آئی نے رکھی تھی، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے احتجاج کو کشمیر کے عوام نے مسترد کیا۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی سوا سو دنوں سے احتجاجی دھرنے میں ہے، شروع دن سے اب تک طاقت کا استعمال نہیں کیا گیا، اگر طاقت کا استعمال کرنا ہوتا تو ان کے دھرنے کے لوگوں پر کیا جاتا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں پی ٹی آئی سکیورٹی معاملات پر سنجیدہ نہیں، پی ٹی آئی کابدامنی پھیلانے والے عناصر کی مذمت نہ کرنا سوال ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کو کے پی میں بدامنی فائدہ دیتی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ہمسایہ ملک 2 سال پہلے کی شکست نہیں بھول سکا، ایک گینگ ہمسایہ ملک سے اسلحہ لیکر پاکستان آتاہے ، ہمسایہ ملک سے لایا گیا اسلحہ پاکستان میں بدامنی کیلئے استعمال ہو رہا ہے، ہمسایہ ملک اپنی پراکسیز سے پاکستان کو عدم استحکام کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے اسلحہ کشمیر تک پہنچایا گیا، ناجائز اسلحے میں ایک ملزم گرفتار ہوا، مزید تحقیقات ہونے پر 3 لوگ اور گرفتار ہوئے۔
گرفتار شخص کو ذہنی مریض قرار دینے کی کوشش
وزیر مملکت نے کہا کہ گرفتار شخص کو ذہنی مریض قرار دینے اور میڈیکلی ان فٹ ثابت کرکے الزام سے بچنے کی کوشش کی گئی۔ مختلف ڈاکٹرز سے رابطہ کرکے پرانی تاریخوں کے میڈیکل سرٹیفکیٹس بنوانے کی کوشش کی گئی، سرٹیفکیٹس نہ بن سکنے پر گرفتار شخص کے اہلخانہ پر دباؤ ڈالا گیا۔ گرفتار شخص کے اہلخانہ اور قریبی عزیزوں سے میڈیا پر آنے اور اسے ذہنی طور پر ان فٹ قرار دینے کی ویڈیوز جاری کرانے کی کوشش کی گئی تاکہ اسے ذہنی طور پر ان فٹ قرار دیا جائے۔
وزیر مملکت نے پریس کانفرنس کے دوران گرفتار ہونے والے چاروں افراد کی ویڈیوز بھی چلوائیں۔
خود ساختہ مسنگ پرسنز کا ڈرامہ
انہوں نے مزید کہا کہ غیر مضبوط بیانیہ بنانے کیلئے خود ساختہ مسنگ پرسنز کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے، خود سے غائب ، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کو لاپتا بنا کر پیش کیا جاتا ہے، تمام شواہد عدالت کے سامنے رکھے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ گینگز اور مافیاز کو جواب دیا، ان عناصر کے خلاف فوجی کارروائی کوغلط رنگ دیا جاتا ہے، سکیورٹی فورسز عوام کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرتی ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ کشمیر میں انتخابات کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا، کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے۔



