گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ معدنیات میں سرمایہ کاری کی بات پر بعض لوگ مخالفت کرتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ خیبر پختونخوا سے غیر قانونی مائننگ کا 80 فیصد پیسہ افغانستان جارہا تھا، خارجی کمانڈرز مقامی افراد سے 8 لاکھ روپے اور غیر مقامی افراد سے 40 لاکھ روپے تک بھتہ لیتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کوہاٹ میں گزشتہ روزسونےکی غیرقانونی کان کنی کے خلاف آپریشن جاری تھا، اس دوران فتنہ الخوارج نے پولیس پر حملہ کیا جس میں میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ غیر قانونی مائننگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ غیرقانونی کان کنی کےمقام پر 8 ہزار سے زائد ٹریکٹرز اور دیگر گاڑیاں اور 1600 ڈمپر استعمال ہو رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی سے خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے، صوبے کے وسائل پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کو ایک ماہ گزر چکا ہے، ہمارا اولین ایجنڈا صوبے میں امن اور خوشحالی کے لیے کام کرنا تھا۔
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
